عمر فاروق حیدر آباد |  |
 | | | اٹھارہ مئی کو حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں بم دھماکہ ہوا تھا |
ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں بعض مسلم تنظيموں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے حیدرآباد بم دھماکوں کی تفتییش مرکزی ادارے سی بی آئی سے کرانے کا یقین دلایا ہے۔ بعض مسلم تنظیموں کے نمائندوں کا ایک وفد پیر کو وزیر اعلیٰ راج شیکھر ریڈی سے ملا تھا اور یہ مطالبہ کیا تھا کہ اٹھارہ مئی کو حیدرآباد کی مکہ مسجد میں ہونے والے دھماکوں کی تفتیش سی بی آئی سے کرائی جائے۔ حیدرآباد کے رکن پارلیمان اسدالدین اویسی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات سی بی آئی سے کرانے کی حامی بھر لی ہے۔ ’وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا ہے کہ پولیس انکوائری ختم ہونے کے بعد معاملے کی تفتیش سی بی آئی سے بھی کرائی جائے گی‘۔ اٹھارہ مئی کو حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں بم دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بعد میں واقعہ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر پولیس نے فائرنگ کی جس سے پانچ مزید افراد کی ہلاکت ہوئی۔ ان واقعات میں پینتیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔  | | | واقعہ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر پولیس نے فائرنگ کی جس سے پانچ مزید افراد کی ہلاکت ہوئی |
اسدالدین اویسی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے مطابق انہوں نے واقعہ کے بعد مکہ مسجد پہنچ کر لوگوں کو یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ اس دھماکے کی سی بی آئی سے تفتیش کرائی جائے گی اور وہ آج بھی اپنے وعدہ پر قائم ہیں۔ مسلم تنظیموں کے علاوہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کئی تنظيموں نے بھی اعلان کر رکھا ہے کہ حکومت اگر اس معاملے کی سی بی آئی سے تفتیش نہیں کراتی تو وہ اپنا احتجاج مزید تیز کرديں گے۔ |