ملائم کے اثاثے، سی بی آئی کی تفتیش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی سپریم کورٹ نے جائز ذرائع آمدنی سے زیادہ دولت جمع کرنے کے ایک معاملے میں سماج وادی پارٹی کے رہنما اور ریاست اتر پردیش کے وزیرِاعلٰی ملائم سنگھ یادو کے خلاف سی بی آئی کو ابتدائی تفتیش کا حکم دیا ہے۔ وزیرِاعلٰی ملائم سنگھ یادو کے علاوہ ان کے بیٹے لوک سبھا کے رکن اکھیلیش یادو ، ان کی بیوی اور دوسرے بیٹے پرتیک یادو کے خلاف بھی تفتیش کا حکم دیا گیا ہے۔ اے آر لکشمن کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے ایک بنچ نے کہا’سی بی آئی اس معاملے میں تمام کاغذات کی تحقیقات کرے گی اور یہ طے کرے گی کہ آیا ان کے خلاف اس معاملے میں مقدمہ بنتا ہے یا نہیں‘۔ عدالت نے یہ حکم ایک سماجی کارکن وشوناتھ چترویدی کی طرف سے داخل کی گئی مفاد عامہ کی ایک عذرداری کی سماعت کے دوران دیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملائم سنگھ کے نام لکھنئومیں پینتیس لاکھ روپے مالیت کی ایک زمین ہے جبکہ ایک دوسری زمین ان کی بیوی کے نام پر خریدی گئی تھی۔ اس کے علاوہ آبائی گاؤں میں ملائم سنگھ کے نام چودہ ایکڑ زرعی زمین ہے اور چھبیس لاکھ روپے کے فکس ڈیپازٹ ان کے بینک میں ہیں۔ درخواست میں اٹاوہ شہر میں ایک گھر کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ اسی طرح ملائم کے بیٹے اکھیلیش یادو کی ملکیت کی جو تفصیلات دی گئیں ہیں ان کے مطابق اکھیلیش یادو کے نام لکھنؤ میں 35 کروڑ روپے کی زمین ہے اور حال میں لکھنؤ کے نزدیک ڈھائی کروڑ روپے مالیت کا ایک پلاٹ انہوں نے فروخت کیا ہے۔ اس کے علاوہ اکھیلیش تین ہزار مربع فٹ کے ایک پلاٹ کے مالک ہیں جس کی قیمت دس لاکھ روپے ہے جبکہ ان کے نام پر لکھنؤ شہر میں تین گھر موجود ہیں۔ مفاد عامہ کی عرضی میں کہا گیا ہے کہ ملائم سنگھ یادو اور ان کے بیٹوں نے یہ اثاثے نامعلوم ذرائع سے حاصل کیے ہیں اور ان کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اس درخواست پر تفتیش کا حکم اس وقت دیا گیا ہے جب اتر پردیش میں انتخابی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں اور انتخابی ضابطۂ اخلاق بھی نافذ ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ عدالت کے اس حکم کے بعد ملائم سنگھ کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے اور انتخابی مہم کے دوران اس معاملے کو انتخابی مدعا بھی بنایا جا سکتا ہے۔ | اسی بارے میں ملائم نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا26 February, 2007 | انڈیا ’یو پی حکومت غیر قانونی ہے‘17 February, 2007 | انڈیا ملائم نےاکثریت ثابت کر دی25 January, 2007 | انڈیا ’سماج وادی پارٹی سے اتحاد ختم‘09 January, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||