BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 26 November, 2006, 04:48 GMT 09:48 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
دلی ڈائری: سیاست دانوں کو قرض سے انکار

انڈین بینکس
بینک سیاسی رہنماؤں، پولیس والوں اور وکیلوں کو قرض دینے سےگریزاں ہیں
گزشتہ دنوں سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ امر سنگھ نے ایک بینک میں قرض کے لئے درخواست دی، لیکن بینک نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔

وجہ پوچھے جانے پر زبانی طور پر بتا یا گیا کہ بینک ریکوری نہ ہونے کے اندیشے سے سیاستدانوں کو قرض دینے سے گریز کر تے ہیں۔

مسٹر سنگھ کا یہ معاملہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا اور وزیر خزانہ کی طرف سے یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ کوئی بھی بینک محمض سیاست داں ہونے کی وجہ قرض دینے سے انکار نہیں کر سکتا۔

لیکن حقیقت یہی ہے کہ بینک سیاسی رہنماؤں، پولیس والوں اور وکیلوں کو قرض دینے سےگریزاں ہیں کیوں کہ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ قرض کی ادائيگی روک دیں تو ان سے پیسے وصولنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔ اس فہرست میں کچھ دنوں پہلے تک صحافی بھی شامل تھے لیکن اب صحافیوں کو قرض ملنے لگا ہے۔

سب سے اونچی عمارت گڑ گاؤں میں

امریکہ کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی طرز پر دنیا میں سب سے اونچی عمارت بنانے کی جیسے ریس ہو رہی ہو۔ اس وقت تائیوان کے دارلحکومت تا ئپی میں واقع 101 منزلہ عمارت زمین پر انسان کی تخلیق کردہ سب سے اونچی عمارت ہے۔
اب ہریانہ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2010 تک گڑگاؤں میں دنیا کی چار سب سے اونچی عمارتيں تعمیر کرنے جارہی ہے۔ یہ چاروں عمارتيں 140 منزلہ ہونگی۔ ہریانہ کے ٹاؤن پلاننگ شعبے نے بلڈنگ کا منصوبہ منظوری کے لئے ایئر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کو پیش کیا ہے۔ اس کی منظوری ملتے ہی اس پراجیکٹ پر کام شروع ہو جا ئیگا۔

سعودی عرب جا نے سے قبل پولیو کا ٹیکہ لگوا‎ئیے

پولیو
بعض اضلاع میں چند توہمات کے سبب بعض مسلم اپنے بچوں کو پولیو کا ٹیکہ نہیں دیتے
اترپردیش کے بعض اضلاع کے مسلمان اپنے بچوں کو پولیو کی دوا پلانے کے بھلے ہی تیار نہ ہو ں لیکن اب اگر انھیں سعودی عرب جانا پڑا تو انھیں پولیو کی دوا پی کر ہی جانا ہوگا۔

سعودی حکومت نے ہندوستان سے سعودی عرب جانے والے تمام مسافروں کے لئے پولیو کا ٹیکہ لازمی قرار دیا ہے۔ اور جس کے پاس پولیو ٹیکے کا سر ٹیفکیٹ نہیں ہوگا اسے سعودی عرب پہچتے ہی یہ دوا پینی پڑے گی۔

اتر پرد یش کے بعض مغربی اضلاع میں ان توہمات کے سبب بعض مسلم اپنے بچوں کو پو لیو کا ٹیکہ نہیں دیتے کہ اسے پینے سے بچوں کی جنسی صلاحیت ختم ہو جائے گی۔ ان افواہوں کی وجہ سے ہر مہینے متعدد بچے پولیو کا شکار ہو رہے ہیں اور یہ تقریباً سبھی مسلم ہیں۔

ایم ایف حسین نصابی کتابوں میں رہیں گے

اسکولی نصابوں کے مرکزی ادارے این سی آرٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ معروف مصور مقبول فدا حسین کی سوانحی پینٹنگز گیارہویں درجے کے ہندی کے نصاب سے ہٹائی نہیں جائیں گی۔

بھارتیہ جنتا پارٹی اور ہندو نظریاتی تنظيم آر ایس ایس نے ایم ایف حسین کی بعض تصویروں پر اعتراض کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کی ہے ۔اس بنیاد پر وہ ایم ایف حسن کو نصاب سے خارج کر دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایکسپرٹ کمیٹی نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بچوں کو ملک کے سب سے بڑے مصور کے بارے میں جاننے کا حق ہے۔‘

ایم ایف حسین کے خلاف ملک کی مختلف ریاستوں میں تقریبا سو مقدمات درج ہیں اور ان سے تنگ آکر ان دنوں وہ برطانیہ میں خود جلاوطنی کی زندگی گزارہے ہیں۔

فلم کی شو ٹنگ کے خلاف سادھوؤں کا مظاہرہ

رانی مکھرجی
احتجاج کے باعث رانی مکھرجی پر بنارس میں ایک نغمے کی فلم بندی منسوخ کرنا پڑی
گزشتہ دنوں ہندوؤں کے مقدس شہر بنارس میں سو سے زیادہ سادھو‎ؤں نے شہر میں فلموں کی شوٹنگ کی مخالفت کی۔ ان سا دھوؤں کا کہنا تھا کہ مندرمقدس مقامات ہیں اوران کا واحد مقصد عبادت ہے۔ شوٹنگ سے نہ صرف اس کے تقدس پر اثر پڑتا ہے بلکہ پوجا کے لئے آنے جانے والوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

جنوبی اور ہندی فلموں میں اکثر نغمے مندروں کے پس منظر میں فلمائے جا نے کی روایت رہی ہے ۔ پہلے ہفتے ہندی فلموں کی اداکارہ رانی مکھرجی پر بنارس میں ایک نغمہ کی فلم بندی کی جانے والی تھی لیکن ہندو تنظیم شیو سینا کے کارکنوں نے شوٹنگ کے دوران کافی ہنگامہ مچایا اور شوٹنگ منسوخ کرنی پڑی ۔

ایڈز روکنے کے لئے سچ بولیے

ہندوستان کے شمال مشرقی ریاستوں اور جموں کشمیر میں تعینا ت فوجیوں کے لئے یہ لازمی کیا جارہا ہے کہ وہ جب بھی جنسی ضرورت کے لئے سیکس ورکر کے یہاں جائیں تو وہ اپنے سینئر افسروں کو اس کے بارے میں بتا دیں۔ اسکا مقصد یہ ہے کہ انہیں سیکس ورکر سے ملاقات کے بعد فوراً انہیں ریٹرو وا‎ئرل تھریپی پر رکھا جا سکے جس سے ایچ آئی وی کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔

اب یہ طے پایا کہ جو فوجی سینئر کو اطلاع دیئے بغیر سیکس ورکرز کے پاس جاتا ہے اور بعد میں اگر اسے ایڈز سے متاثر پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔

فوج کا کہنا ہے کہ ملیٹنسی والے علاقے میں فوجی کافی دباؤ میں کام کرتے ہیں اور سیکس ورکرز کے یہاں جانا ایک فطری ضروت ہوتی ہے۔

اسی بارے میں
عید کا چاند عدالت میں
12 November, 2006 | انڈیا
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد