BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 30 September, 2006, 15:10 GMT 20:10 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
علم، فن، شاعری اور عسکریت کاامتزاج

محمد افضل گورو
ان کی شادی بارہ مولہ کی تبسّم سے ہوئی۔
تیرہ دسمبر دو ہزار ایک میں انڈین پارلیمنٹ پر ہوئے فدائی حملے کے لیئے سزائے موت پانے والے محمد افضل گورو کی زندگی علم، فن اور مزاحمت کا دلچسپ امتزاج ہے۔


سنتیس سالہ افضل شمالی قصبہ سوپور کے ایک متوسط خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جو سوپور سے چھ کلومیٹر دور جاگیر دوآبگاہ گاؤں میں دریائے جہلم کے کنارے آباد ہے۔ افضل کے ہم جماعتوں کا کہنا ہے کہ وہ سکول کی تقریبات میں اس قدر سرگرم تھے کہ انہیں ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر پریڈ کی قیادت کے لیئے خصوصی طور چنا جاتا۔ مقامی سکول سے افضل نے سن اُنیس سو چھیاسی میں میٹرک کا امتحان پاس کیا۔

تشدد پر تعلیم کو ترجیح
ہائر سیکنڈری کے لیئے جب انہوں نے سوپور کے مسلم ایجوکیشن ٹرسٹ میں داخلہ لیا تو وہاں ان کی ملاقات نوید حکیم سے ہوئی جو پُرامن ہند مخالف سرگرمیوں میں پیش پیش تھے لیکن افضل نے پڑھائی کو ترجیح دی اور بارہویں جماعت کا امتحان پاس کر لیا۔ میڈیکل کالج میں داخلہ لیا اور اپنے والد کا خواب پورا کرنے میں جُٹ گئے۔

جب کشمیر میں اُنیس سو نوّے کے آس پاس مسلح شورش شروع ہوئی تو افضل ایم بی بی ایس کے تھرڈ ایئر میں تھے۔ تب تک ان کے دوست نوید حکیم عرف انجم عسکریت کو اپنا چکے تھے۔

بندوق کا انتخاب
اسی دوران سرینگر کے نواحی علاقے چھانہ پورہ میں انڈین فورسز نے کریک ڈاؤن کے دوران متعدد خواتین مببینہ عصمت ریزی کا واقعہ ہوا تو افضل کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ اس واقعہ نے انہیں شدید دھچکہ پہنچایا، چنانچہ انہوں نے نوید کے ساتھ رابطہ کیا اور ہند مخالف جموں کشمیر لبریشن فرنٹ میں شمولیت اختیار کر لی۔

کنٹرول لائن کے پار مظفرآباد میں ہتھیاروں کی تربیت کے بعد واپس لوٹے تو تنطیم کے عسکری حکمت عملی کے سربراہ بن گئے۔ سوپور میں تقریباً تین سو بندوق بردار ان کی ماتحتی میں تھے۔

خون خرابہ پسند نہیں
 افضل خون خرابے کو پسند نہیں کرتے تھے۔ جب کشمیر میں لبریشن فرنٹ اور حزب المجاہدین کے درمیان تصادم شروع ہوئے تو افضل صاحب نے تین سو مسلح لڑکوں کا اجلاس سوپور میں طلب کیا اور اعلان کیا کہ ہم اس تصادم میں شامل نہیں ہوں گے۔
فاروق احمد

ایسے ہی ایک جنگجوفاروق احمد عرف کیپٹن تجمل(جو عسکریت کو خیرباد کہہ چکے ہیں) نے بی بی سی کو بتایا کہ افضل خون خرابے کو پسند نہیں کرتے تھے۔ پُرانی یادیں دہراتے ہوئے فاروق کا کہنا ہے ’جب کشمیر میں لبریشن فرنٹ اور حزب المجاہدین کے درمیان تصادم شروع ہوئے تو افضل نے تین سو مسلح لڑکوں کا اجلاس سوپور میں طلب کیا اور اعلان کیا کہ ہم اس تصادم میں شامل نہیں ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام علاقوں میں اس خانہ جنگی کی وجہ سے سینکڑوں مجاہدین مارے گئے لیکن ہمارا علاقہ پُرامن رہا۔‘

افضل گورو، درمیان میں

عسکریت سے واپسی
افضل کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ اس خانہ جنگی پر بہت پریشان تھے اور عسکریت پسندی سے ان کا جی بھر گیا تھا۔ اُنیس سو اکانوے کے اواخر میں جب انہوں نے ہتھیار ڈال دیئے تو آرمی کی پندرہ پنجاب ریجمنٹ کے ایک کمانڈنگ افسر نے انہیں پڑھائی مکمل کرنے کا مشورہ دیا۔

اپنے چچیرے بھائی شوکت گورو (پارلیمنٹ حملے کے ایک اور ملزم) کی مدد سے انہوں نے دلی یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور گریجویشن کے بعد اکنامکس میں ڈگری حاصل کر لی۔ شوکت کے چھوٹے بھائی یٰسین گورو کا کہنا ہے کہ افضل دلی میں اپنا اور اپنی پڑھائی کا خرچ ٹیوشن کر کے چلاتے تھے۔ ڈگری کے بعد تھوڑے عرصے کے لیئے شوکت اور افضل دونوں نے بینک آف امریکہ میں نوکری کی۔

پُرامن زندگی کا آغاز
بالآخر افضل دلی میں سات سالہ قیام کے بعد اُنیس سو اٹھانوے میں کشمیر اپنے گھر واپس لوٹے۔ یہاں ان کی شادی بارہ مولہ کی تبسّم کے ساتھ ہوئی۔ تبسم کہتی ہیں کہ وہ افضل کے ماضی سے واقف تھیں لیکن افضل کی موسیقی میں دلچسپی سے انہوں نے اخذ کیا کہ افضل کا عسکریت پسند بننا ایک حادثہ تھا۔ ان کا کہنا ہے ’غالب کی شاعری ان کے سر پر سوار تھی۔ یہاں تک کہ ہمارے بیٹے کا نام بھی غالب رکھ گیا۔وہ مائیکل جیکسن کی موسیقی شوق سے سنتے تھے۔‘

 افضل کے دوستوں کا کہنا ہے کہ یہ دور افضل کے لئے واپسی کا دور تھا۔ چھانہ پورہ عصمت دری کے واقعہ سے ان کے دل و دماغ پر جو زخم لگے تھے وہ بھر گئے تھے۔ اب وہ معمول کی طرح سیر سپاٹے، گانا بجانا اور سماجی کاموں میں بھی دلچسپی لینے لگے تھے۔
اس دور میں افضل نے دلی کی ایک دواساز کمپنی میں ایریا سیلز منیجر کی نوکری کر لی اور ساتھ ساتھ خود بھی دوائیوں کا کاروبار کرنے لگے۔ افضل کے دوستوں کا کہنا ہے کہ یہ دور افضل کے لیئے واپسی کا دور تھا۔ چھانہ پورہ عصمت دری کے واقعہ سے ان کے دل و دماغ پر جو زخم لگے تھے وہ بھر گئے تھے۔ اب وہ معمول کی طرح سیر سپاٹے، گانا بجانا اور سماجی کاموں میں بھی دلچسپی لینے لگے تھے۔

امن کی راہ میں رکاوٹیں
افضل کے بچپن کے ساتھی ماسٹر فیاض کا کہنا ہے کہ مقامی آرمی کیمپ پر ہر روز حاضر ہونے کی پابندی اور پولیس ٹاسک فورس کی زیادتیوں نے افضل کی سوچ میں آئی تبدیلی کو واپس موڑ دیا۔ فیاض کہتے ہیں ’ انڈین آرمی نے ہماری اس بستی پر فولادی گیٹ نصب کیئے ہوئے ہیں۔ آتے جاتے پوچھ تاچھ اور سودا سلف لانے کے لیئے تلاشی سے ہو کر گزرنا پڑتا ہے۔ یہ گیٹ شام کو غروب آفتاب کے بعد بند ہوجاتا ہے اور صبح سات بجے کھلتا ہے۔ اسی کیمپ میں افضل کو حاضری کے لیئے جانا پڑتا تھا۔ وہاں ان لڑکوں کی تذلیل ہوتی تھی۔ ان سے بیگار لیا جاتا۔‘

افضل کی بھابی بیگم اعجاز کا کہنا ہے کہ سن دو ہزار میں ٹاسک فورس نے افضل کوگرفتار کر لیا اور جان لیوا اذیتوں سے گزارا۔ ٹاسک فورس کیمپ میں افضل کے ساتھ ایک ملاقات کو یاد کرتے ہوئے بیگم اعجاز کہتی ہیں ’جب ہم اسے ملے تو وہ نیم مردہ تھا۔ میں نے اپنے بچے کو اس کے آگے کیا کہ وہ اسے گود میں لے لے، تو وہ افضل کی باہوں سے پھسل کرگرگیا۔ پھر میں نے دیکھا کہ اس کی ساری انگلیاں سوجن سے ٹیڑھی ہو چکی تھیں۔ وہ بچے کو نہیں تھام سکا۔‘

افضل کو موسیقی اور شاعری سے ہمیشہ لگاؤ رہا ہے

افضل نے ٹاسک فورس کی زیادتیوں کے بارے میں اپنی بیوی تبسّم سے تفصیل سے ذکر کیا ہے۔ وہ کہتی ہیں ’ اس نے کہا کہ ایک دفعہ مجھے مارنے کے لیئے دور کسی جگہ لے گئے۔ ایک کشمیری پولیس افسر نے اپنی پستول میری کنپٹی پر رکھ دی اور رُک گیا۔ اتنے میں اسے فون آیا کہ مارتے کیوں نہیں، اس نے جواب دیا کہ مجھےاس کی تعلیم کا پاس ہے۔ بعد میں اسے اس افسر نے اس شرط پر چھوڑ دیا کہ کشمیر سے باہر نہیں جائے گا لیکن زیرحراست ٹارچر نے اس کے خیالات کی دنیا ہی بدل ڈالی تھی۔‘

بعدازاں افضل نے سوپور میں رہنا چھوڑ دیا اور زیادہ تر دلی اور سرینگر میں رہنے لگے۔ ہلال گورو کا کہنا ہے کہ جب تیرہ دسمبر کو انڈین پارلیمنٹ پر حملہ ہوا تو وہ افضل کے ساتھ دلی میں موجود تھے۔

ہلال کا کہنا ہے کہ وہ افضل کے ہمراہ دوائیں لے کر ٹرک میں پندرہ دسمبر کو کشمیر پہنچے اور سوپور جاتے ہوئے علی الصبح پولیس نے ٹرک کو گھیرے میں لے کر شوکت اور افضل کو گرفتار کر لیا۔

محمد افضل کو انڈین پارلیمنٹ پر حملے میں ان کے کردار کی بنا پر بیس اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ دہشت گردوں کے مذموم عمل میں ان کی اعانت کے لیئے محمد افضل نے وہ سب کچھ کیا جو وہ ممکنہ طور پر کر سکتے تھے۔

عدالت کے مطابق ’اس بات کی قطعی شہادت موجود ہے کہ محمد افضل، سازش کا ایک حصہ تھے اور ان کا مرنے والے دہشت گرد سے تعلق تھا۔‘

اگر محمد افضل کو عدالت کے فیصلے کے تحت پھانسی دی گئی تو وہ دوسرے ایسے کشمیری ہوں گے جنہیں علیحدگی پسند سرگرمیوں کے باعث تختۂ دار پر لٹکایا جائے گا۔

انیس سو چوراسی میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بھٹ کو انڈیا کی انٹیلیجنس کے ایک افسر کو قتل کرنے کے جرم پر سزائے موت دی گئی تھی۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد