کولکتہ: چیپل کا مجسمہ نہیں بنےگا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے شہر کولکتہ میں حکام نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ گریگ چیپل کے ایک مجسمہ پرپابندی عائد کردی ہے۔ مغربی بنگال میں ایک بہت مقبول تہوار ’درگا پوجا‘ کے موقع پر چیپل کے مجسمہ کو’مہسہ سور‘ کی شکل میں تیار کیا جارہا تھا۔ اس تہوار میں ’مہسہ سور‘ کو بدی ، بےایمانی اور بدنیتی کی علامت سمجھا جاتا ہے جسے دیوی درگا قتل کرتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی ایک فرد کو اس طرح منفی کردار میں پیش کرنا تہذیب اور ثقافت کے خلاف ہے اس لیئے درگا پوجا کے منتظمین کو چیپل کا مجسمہ نہ بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ بھارتی کرٹ ٹیم کے سابق کپتان سوروگنگولی کو کولکتہ کا شہزادہ اور اور بنگال کا شیر کہا جاتا ہے۔ وہ مغربی بنگال میں بہت مقبول ہیں لیکن کوچ گریگ چیپل کے ساتھ اختلافات کے بعد ان کے ساتھ جو سلوک ہوا اس سے لوگوں میں ناراضگي پائی جاتی ہے۔ اسی ناراضگي کا اظہار کرنے کے لیے کولکتہ میں درگا پوجا کے منتظمین نے اس بار گریگ چیپل کو مہسہ سور کی شکل میں پیش کرنے کی تجویز رکھی تھی۔ یہ کام مشہور مجسمہ ساز دلیپ پال کے سپرد تھا۔وہ بڑی محنت سے چیپل کو مہسہ سور کی شبیہ میں تبدیل کرنے میں مصرورف تھے کہ پولیس ان کےگھر آ گئی اور بتایا کہ انتظامیہ اس سے خوش نہیں ہے اس لیے وہ یہ کام روک دیں۔ دلیپ پال نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں نے چیپل کا مجسمہ بنانے کا کام چھوڑ دیا ہے۔‘ ان کا کہنا تھا: ’پولیس نے ہمیں سمجھایا اور ہم نے اپنا ذہن بدل دیا۔ ہم یہ دکھانے کی کوشش کر رہے تھےکہ ماں درگا چیپل سے کہتی ہے کہ ہمارے چھوٹے بیٹے سورو کو بھی کھیلنے کا موقع دیں۔اس میں درگا کے ہاتھ میں ہتھیار بھی نہیں دکھائے گئے تھے لیکن اب ہم نے وہ باب بند کردیا ہے۔‘ دلیپ کہتے ہیں کہ پولیس کا حکم ان کی تخلیقی صلاحیت پر ایک کاری ضرب ہے لیکن انتظامیہ کی بات تو ماننی ہی پڑتی ہے۔ اس سلسہ میں کولکتہ پولیس کمشنر پرسن مکھرجی کا کہنا ہے کہ پولیس نے کوئی اخلاقی یا مورل پولیسنگ نہیں کی ہے۔’ ہم نے درگا پوجا کمیٹی سے یہ کہا تھا کہ کوئی ایسی چیز نہیں ہونی چاہیے جس سے کسی کے جذبات مجروح ہوں۔ کمیٹی بھی ہمارے موقف سے مطمئن ہے اور انہوں نے اپنا منصوبہ بدل دیا ہے۔‘ دلیپ پال نے بتایاکہ انہوں نے فرانس کے فٹبال کھلاڑی زین الدین زیدان کے اس متنازعہ واقعے کا بھی مجسمہ بنایا ہے جس میں انہوں نے اطالوی کھلاڑی کو ٹکر ماری تھی۔’ زیدان کے مجسمے سے میں نےیہ پیغام دیا ہے کہ کھیلو مگر پیار سے کھیلو۔‘ درگا پوجا کے موقع پر ہر برس طرح طرح کے مجسمے بناۓ جاتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں دیکھا گیا ہے کہ اس موقع پرتمام جدید مسائل پر مورتیاں تیار کی جاتی ہیں۔ اس تہوار میں امریکی صدر جارج بش اور اسامہ بن لادن جیسی شخصیات کے مجسمے بھی دکھائے جا چکے ہیں۔ | اسی بارے میں چیپل اورگنگولی میں وقتی سمجھوتہ 27 September, 2005 | کھیل چیپل و گنگولی تنازع کا فیصلہ آج26 September, 2005 | کھیل ’میرے خلاف میل کس نےافشا کی‘ 22 July, 2006 | کھیل ’ ہاں کپتانی چھوڑنے کے لیے کہا گیا‘16 September, 2005 | کھیل ’گنگولی کے ساتھ کام مشکل ہے‘29 September, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||