BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 01 September, 2006, 11:07 GMT 16:07 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
انڈیا: حج مراعات پر تنازعہ

 خانہ کعبہ
حاجیوں کو سہولیات پہنچانے میں حکومت کا اپنا مفاد ہے۔
ہندوستان میں ایک عدالت نے حکومت کو عازمین حج کے لیے مالی رعایت نہ دینے کا حکم دیا ہے۔

بعض ہندو نظریاتی تنظیمیں عازمین حج کو رعایت دینے کی مخالفت کرتی رہی ہیں اور کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔

بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ حج پر رعایت کے معاملے کو زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ اگر نجی کمپنیوں کو یہ کام کرنے دیا جائے تو حج مزید سستا ہوسکتا ہے۔

حج کمیٹی کا کہنا ہے کہ حج اب قریب ہے اس لیئے یہ معاملہ جلد سے جلد حل کیا جانا چاہیے۔

حج کمیٹی کے چئیر مین تنویر احمد نے بی بی سی کوبتایا کہ حج کمیٹی نے حکومت سے اپیل کیا ہے کہ وہ یوپی ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے۔’چونکہ حج ایک مقررہ وقت پر ہونا ہے اور اب وقت کم ہے اس لیے خود کمیٹی بھی عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کرنے پر غور کرہی ہے‘۔

حکومت مسلمان پر احسان نہ کرے
 سرکار بلاوجہ مسلمانوں پراحسان جتاتی ہے۔ہمیں حکومت سے کوئی رعایت نہیں چاہیے لیکن ہمیں یہ حق دیا جائے کہ عازمین حج اپنی پسند کی ائیر لائنز کا انتخاب کرسکیں‘۔
مسلم پرسنل لا بورڈ رکن
مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ایک رکن ظفر یاب جیلانی کا کہنا ہے کہ حاجیوں کو رعایت دینے میں حکومت کا مفاد وابستہ ہے۔’سرکار بلاوجہ مسلمانوں پراحسان جتاتی ہے اور اس کے سبب انہیں بہت کچھ سننا پڑتا ہے۔ ہمیں حکومت سے کوئی رعایت نہیں چاہیے لیکن وہ ہمیں یہ حق دے کہ عازمین حج اپنی پسند کی ائیر لائنز کا انتخاب کرسکیں‘۔

ان کا کہنا ہے کہ کئی کمپنیوں نے ائیر انڈیا سے کم قیمت پر حج کرانے کی پیش کش کی ہے اور وہ حکومت سے بھی بہتر سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کررہی ہیں۔

تنویر احمد کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک ایکٹ کے تحت خلیجی ممالک میں میں پروازوں کا حق اپنے پاس رکھا ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ عازمین حج دوسری کمپنیوں کی خدمات سے قاصر ہیں۔’ ہم پرائیویٹ کمپنیوں کی خدمات چاہتے ہیں اور حکومت بھی اس پر غورکر رہی ہے۔اس میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ہم تو قوانین کے پابند ہیں اوراس میں تاخیر حکومت کی طرف سے ہورہی ہے‘۔

ظفر یاب جیلانی کہتے ہیں حکومت اس ٹھیکے کو اس لیے نہیں چھوڑنا چاہتی کہ اس سے’ایئر انڈیا کو کروڑوں روپے کا فائدہ ہوتا ہے اس سے بعض لوگوں کا ذاتی مفاد بھی وابستہ ہے لیکن بدنامی مسلمانوں کی ہوتی ہے‘۔

مسٹر جیلانی کے مطابق افسران کے ذہنوں میں حاجیوں کو سہولیات پہنچانا نہیں بلکہ ان کا خود کا فائدہ ہے۔

یہ مسئلہ بھی بحث کا موضوع ہے کہ کیافریضہ حج کی ادائیگی میں حکومت کی مدد لینی چاہیے اور کیا ٹیکس کا پیسہ اس مذہبی عمل کے لیئے جائز ہے۔ عام خیال یہ ہے کہ چونکہ حکومت کسی دوسرے فرقے کی یاترا یا زیارت کے لیے کوئی مالی مدد نہیں کرتی اس لیے حج کے لیے بھی کوئی مالی اعانت نہیں ملنی چاہیے۔

تنویر احمد کہتے ہیں سالانہ حج کانفرنس میں اس مسئلے پر کئی بار بحث ہوئی ہے اور علماء اس بات سے متفق ہیں کہ حکومت حج کمیٹی کو جو سہولیات مہیا کرتی ہے اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

مولانا وحید الدین خاں کی رائے میں حکومت کی مالی اعانت جائز ہے۔’اگر حکومت حج پر بعض رعایات دیتی ہے تو یہ عین جائز ہے اور یہ سوال مختلف ہے کہ دوسرے فرقے کو یہ مدد ملتی ہے یا نہیں اسکی ذمہ داری حکومت پر ہے‘۔

ظفر یاب جیلانی کہتے ہیں کہ حکومت ہندوؤں کی مذہبی تقریبات کے لیے بھی کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے۔ ’حکومت کمبھ کے میلے، امرناتھ یاترا اور ہری دوار و اجین جیسی جگہوں پر مذہبی تقریبات کے لیے کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے۔ یہ سفر کے لیئے تو رعایت نہیں ہے لیکن ایک خاص مذہب کے انتظام کے لیے ضرور ہے اور مسلمانوں نے اسکی کبھی مخالفت نہیں کی ہے‘۔

وہ کہتے ہیں کہ سرکاری وکیل نے عدالت کے سامنے یہ باتیں نہیں رکھی تھیں اسی لیے عدالت نے حج کے لیے رعایت پر پابندی لگانے کی بات کی ہے۔

حج پر رعایت کا معاملہ گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں بھی اٹھا تھا۔ بی جے پی اور اسکی حلیف جماعتوں کو اس بات پر اعتراض ہے کہ اس طرح کی رعایت صرف عازمین حج کو حاصل ہیں اور اس پر پابندی لگنی چاہیے۔ان جماعتوں نے عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

گزشتہ کئی برسوں سے یہ معاملہ تنازعے کا سبب ہے۔مسلم تنظیموں کا کہنا ہے اس بارے میں مبالغہ آرائی سے کام لیا جارہا ہے اور اب اس حقیقت کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ حج پر رعایت ملتی ہے یا یہ کمائی کا ذریعہ ہے

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد