انڈیا: دو خواتین کو سزائے موت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی سپریم کورٹ نے مہاراشٹر کی دو خواتین کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ ان خواتین پر چھوٹے بچوں کو اغواء اور انہیں قتل کرنے کا الزام تھا۔ انیس سو چھیانوے میں ان خواتین کوگرفتار کر کے ان پر مقدمہ چلایا گیا تھا۔ پہلے ماتحت عدالت اور پھر ریاستی ہائی کورٹ نے بھی انہیں موت کی سزا کا حکم دیا تھا جس پر جمعرات کو سپریم کورٹ میں جسٹس کے بال کرشنن اور جسٹس جی پی ماتھر کی ڈیویژن بینچ نے موت کی مہر لگا دی۔ عدالت نے کسی طرح کی نرمی برتنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے انتہائی چھوٹے بچوں کو جس بے رحمی سے قتل کیا ہے۔ اس کے پیش نظر ان کے ساتھ کسی طرح کے رحم کا اظہار نہیں کیا جا سکتا۔ مجرم خواتین سیما گاؤت اور رینوکا شندے اس وقت ناسک جیل میں ہیں۔ پولیس کے مطابق انجنا بائی، اس کی دو بیٹیاں سیما گاؤت، رینوکا شندے اور اس کا شوہر کرن شندے مل کر چھوٹے معصوم بچوں کو ممبئی جیسے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں سے اغواء کرتے تھے۔ پھر انہیں اپنے پاس رکھ کر ان کو جیب تراشی کے فن کی تربیت دیتے تھے بعد میں یہ بچے لوگوں کی جیب کترتے یا ان کے گلے سے طلائی زنجیریں اچکتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے افراد کے بچوں کے ساتھ ہونے پر لوگ ان پر شبہ بھی نہیں کرتے ہیں اور اسی کا فائدہ اٹھا کر یہ چھ برس تک لوگوں کو لوٹتے اور بچے اغواء کرتے رہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان مجرموں نے اکثر پنڈھر پور یاترا یا گاؤں کے میلے سے بھی بچوں کو اغواء کیا۔ پھر وہ ان بچوں کو چوری کرتے وقت اپنے ساتھ رکھتے۔ اس دوران اگر بچہ بیمار ہو جاتا یا کسی طرح کا انہیں خطرہ ہوتا تو وہ اس بچے کا سر انتہائی بے رحمی کے ساتھ دیوار سے ٹکرا ٹکرا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیتے تھے۔ پولیس کے مطابق انیس سو نوے اور انیس سو چھیانوے کے درمیان انہوں نے تیرہ بچوں کو اغواء کیا جس میں سے نو بچوں کو انہوں نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ پولیس نے انیس سو چھیانوے میں ان چاروں کو گرفتار کیا۔ انجنا بائی کا داماد کرن شندے اس دوران سرکاری گواہ بن گیا اور اس نے اس کھیل کا پردہ فاش کیا۔ اس دوران اہم مجرم انجنا بائی کی ایک سال بعد ہی موت واقع ہو گئی۔پولیس نے تفتیش کے دوران سات بچوں کی لاشوں کو بھی کرن کی نشاندہی کے بعد برآمد کر لیا تھا۔ ہندوستان میں بہت کم مواقع آئے ہیں جب عدالت نے کسی کو اس قسم کے کیس میں پھانسی کی سزا سنائی ہو۔ | اسی بارے میں موت کی سزا: پولیس درخواست05 September, 2005 | انڈیا تاج محل کا معاملہ سپریم کورٹ میں12 August, 2005 | انڈیا دوردرشن سے میچ: سپریم کورٹ05 October, 2004 | انڈیا عدالت نظرِثانی کرے: پولیس اپیل06 September, 2005 | انڈیا سپریم کورٹ ڈاکٹروں پر برہم30 May, 2006 | انڈیا سپریم کورٹ کے حکم پر ہڑتال ختم31 May, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||