گجرات:سیلاب کی وجہ سےکارخانے بند | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی ریاست گجرات میں سیلاب کی بگڑتی صورت حال کے سبب بعض پیٹرو کیمیکل اورگیس کارخانے بند کر دیئے گئے ہیں۔ گجرات کے ہزیرا علاقے میں سرکاری کمپنی’او این جی سی‘ کی عمارت میں پانی بھرنے کے بعد اسے بند کر دیا گیا ہے۔ او این جی سی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ’عمارت میں پانی بھرنے سے فون لائنز بند ہوگئی ہیں اور پانی کو نکالنے کی کوشش جاری ہے‘۔ انہوں نے پانی جلدی نکلنے کی امید ظاہر کی ہے۔ مسلسسل بارش کے سبب ریلائنس کمپنی نے بھی اپنا پیٹروکیمکل پلانٹس بند کر دیا ہے۔ مہا راشٹر اور آندھرا پردیش میں شدید بارش کے سبب عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔ پورے ملک میں بارش سے اب تک سوا دو سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کئی گاؤں پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ سیلاب سےگجرات کا شہر سورت سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں بیشتر علاقوں میں پانی بھرگیا ہے، پوری طرح آمد و رفت رک گئی ہے اور ٹیلی فون لائنز بھی کام نہیں کر رہی ہیں۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ متاثرہ لوگوں کی امداد کے لیئے فضائیہ اور ستّر کشتیاں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ اوکائی ڈیم سے پانی کا بہاؤ کم ہوگیا ہے تاہم اہلکاروں کا کہنا ہے کہ سمندر کی اونچی لہروں کے سبب سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔ مسلسل بارش کے سبب گجرات اور ممبئی کے درمیان چلنے والی ٹرینیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ مہاراشٹر میں بارش کے سبب اب تک ستّر لوگ ہلاک ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ جگہوں پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مہاراشٹر میں سیلاب سے فصلوں کو بھی زبردست نقصان پہنچا ہے۔ ممبئی میں حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کاروائی تیزی سے جاری ہے۔ آندھرا پردیش میں سیلاب کے سبب سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور لاکھوں ایکڑ زمین زیر آب آ چکی ہے۔ کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور وزیر داخلہ شیو راج پاٹل نےآندھرا پردیش کے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا ہے۔ ریاست مدھیہ پردیش میں بھی تیز بارش جاری ہے اور ریاست میں اب تک بیس لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ریاست کے وزیرِاعلٰی شیو راج سنگھ نے سیلاب سے متاثر علاقوں کا جائزہ لیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد کا صحیح اندازہ بارش رکنے کے بعد ہی ہوسکےگا۔ | اسی بارے میں ہندوستان میں جان لیوا بارشیں08 August, 2006 | انڈیا بارش: بڑے پیمانے پر تباہی07 August, 2006 | انڈیا مہاراشٹر میں بارش کا قہر جاری 06 August, 2006 | انڈیا دکن ڈائری: طوفانی بارش، ماؤوِسٹ محو فکر05 August, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||