BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 18 July, 2006, 11:33 GMT 16:33 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
زندگی تھم گئی ہے

کے ای ایم ہسپتال میں چار شدید زخمی زندگی اور موت سے لڑ رہے ہیں
لوگ کہتے ہیں ممبئی میں چاہے جتنا بڑا حادثہ ہو زندگی فورًا ہی معمول پر آجاتی ہے ۔لیکن ٹرین بم دھماکوں میں مرنے والوں کے عزیز و اقارب کے لیئے زندگی ٹھہرگئی ہے۔

کئی بیوائیں سکتے کی حالت میں ہیں۔ انہیں ابھی بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ اس حادثہ میں ان کے شوہر کی موت واقع ہو چکی ہے وہ آج بھی اپنے شوہروں کے واپس آنے کی منتظر ہیں۔

اعجاز شیخ کی موت ٹرین حادثہ میں ہوئی۔ ان کی بیوی شگفتہ اور گیارہ سالہ بیٹی انعم کی نگاہیں آج بھی دروازے پر لگی ہیں۔ ان کا ایک دس ماہ کا بیٹا عفان بھی ہے۔ ’اکثر وہ رات دیر سے آتے تھے اس روز انہوں نے فون کیا کہ عفان کو ڈاکٹر کے پاس لے جانا ہے اس لیئے جلدی آؤں گا پھر وہ نہیں آئے۔ سب کہتے ہیں وہ مر گئے لیکن میں کیسے یقین کروں۔ کھڑکی سے نظریں لگائے بیٹھی رہتی ہوں شاید ابھی دروازہ کھٹکھٹائیں‘۔

اعجاز جیسے کئی لوگ ہیں جو اس روز وقت سے پہلے گھر کے لیئے نکلے۔ شاید وہ موت کا بلاوا تھا۔ سابق قومی جونیئر ہاکی کھلاڑی سیفورڈ ڈی سیلس ہمیشہ چرچ گیٹ سے پانچ بج کر پچاس منٹ کی ٹرین میں سوار ہوتے تھے لیکن اس روز ان کی وہ ٹرین چھوٹ گئی اور انہوں نے پانچ ستاون کی ٹرین لی۔ موت ان کا پیچھا کس طرح کر رہی تھی اس کا ان کی بیوی کو شدت سے افسوس ہے۔ ’وہ ہمیشہ سیکنڈ کلاس سے سفر کرتے تھے لیکن صرف ایک روز قبل ہی انہوں نے فرسٹ کلاس کا پاس بنوایا تھا‘۔ سیفورڈ سیلس کا چہرہ ٹھیک ٹھاک تھا لیکن ان کے جسم کے پرخچے اڑ چکے تھے۔ آج ان کی بیوہ اپنی دس سالہ بچی کے ساتھ دنیا میں تنہا ہو چکی ہے۔

بائیس سالہ کنال رجنی کانت شاہ کو اسی ماہ پانچ دن قبل ہی پہلی تنخواہ ملی تھی وہ میگھنا پبلیکیشن میں مینجمنٹ ٹرینی کے طور پر کام کر رہے تھے۔ ٹرین کے فرسٹ کلاس میں انہوں نے اپنی سیٹ کسی اور کو دے دی اور خود دروازے میں آکر کھڑے ہوگئے ۔اس کے بعد ان کی لاش ہی گھرواپس پہنچ سکی۔

سنیل چندرا
سنیل چندر کانت کارنک ہسپتال میں زیر علاج ہیں

ملٹن پلاسٹک کمپنی میں کام کرنے والا انیس پٹیل گھر نہیں لوٹا۔ بوریولی کی پٹھان چال میں رہنے والی اس کی بیوہ ریحانہ آج بھی سکتے کی حالت میں ہے۔ اب اس کا کوئی سہارا نہیں رہا۔ اس کا اپنا کوئی گھر بھی نہیں ہے۔

صالح انٹرپرائزز کے مالک صالح ماہم ٹرین بم دھماکہ میں ہلاک ہو چکے ہیں اور اپنے پیچھے اپنی ضعیف ماں، بیوہ رخسانہ اور چار چھوٹے بیٹوں کو چھوڑ گئے ہیں۔

جو اس واقعہ میں زندہ بچ گئے ہیں ہیں ان کی اپنی دکھ بھری داستانیں ہیں۔ کے ای ایم ہسپتال میں آج بھی چار شدید زخمی زندگی اور موت سے لڑ رہے ہیں۔ انیس سالہ وکرانت کھانویلکر ممبئی کے ولسن کالج میں سائنس (باٹنی ) کے تیسرے سال کا ہونہار طالب علم ہے لیکن آج سر پر شدید چوٹ کی وجہ سے بوریولی کے کرونا ہسپتال میں بے ہوش پڑا ہے۔ اسے دیکھنے کے لیئے کالج لیکچرار اور اس کے دوستوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے۔ باپ ستیش اور ماں سندھیا کی واحد اولاد وکرانت کے بارے میں ڈاکٹروں کو خدشہ ہے کہ کہیں وہ کوما میں نہ چلا جائے۔

سنیل چندر کانت کارنک اور سید امتیاز شیخ سائن ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور خالد صدیقی بوریولی کے کرونا ہسپتال میں۔ بم دھماکے نے ان کی قوت سماعت کو متاثر کیا ہے۔ سنیل سارسوت پیشہ سے بینکار، سید امتیاز ریلوے ملازم اور خالد صدیقی ایچ ڈی ایف سی بینک میں سکیورٹی کے شعبہ میں ملازم ہیں۔

سینکڑوں زخمیوں کی طرح وہ بھی پریشان ہیں کہ اگر سننے کی قوت بحال نہیں ہوئی تو ملازمت چلے جانے کا خطرہ ہے۔ سائن ہسپتال کے ڈین ڈاکٹر ایم ای ایولیکر کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں میں ساٹھ فیصد زخمیوں کی قوت سماعت متاثر ہوئی ہے۔

طارق کی والدہ ایک ماں کی فریاد
’کوئی مجھے میرا بیٹا واپس دے دے‘
ممبئی کے سیکولر
شہر کے سیکولر شہریوں کی امن کوششیں
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد