’پوپ کے بیانات غیر ضروری ہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی حکومت نے ویٹیکن کے ان بیانات کو پوری طرح مسترد کردیا ہے جس میں پوپ نے بھارت میں تبدیلی مذہب پر پابندی اور مذہبی غیر روادری پر نکتہ چینی کی تھی۔ حکومت نے کہا ہے کہ پوپ کو بھارت میں سیکولر اقدار اور مذہبی رواداری کے متعلق غلط معلومات دی گئی ہیں۔ پارلیمینٹ میں وزیرخارجہ برائے مملکت آنند شرما نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویٹیکن کو بتادیا گیا ہے کہ بھارت کی حکومت پوپ کے بیان کو پوری طرح مسترد کرتی ہے اور وہ اس سے ناخوش ہے۔ ’میں ہاؤس کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت کا جواب سخت، مناسب اور وقت پر تھا‘۔ چند روز قبل پوپ بنیڈکٹ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت میں مذہبی غیر رواداری کے سبب بعض علاقوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ پوپ نے اپنے بیان اس بات پر زور دیاتھا کہ ’بعض قوانین کے ذریعے تبدیلی مذہب پر پابندی عائد کرنا امتیازی سلوک ہے اور اس طرح کے قوانین مذہبی آزادی کے بنیادی حقوق کے خلاف ہیں‘۔ حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے پوپ کے ان بیانات پر سخت اعتراض کیا تھا اور پارٹی کے صدر راج ناتھ سنگھ نے اس کے خلاف پوپ کو ایک خط لکھ کر اپنا احتجاج ظاہر کیا ہے۔ بی جے پی کے ایک رہنما روی شنکر شرما نے بحث کے دوران کہا ہے کہ ’پوپ کے بیان کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ ہم اس کی سخت مخالفت و مذمت کرتے ہیں‘۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سخت احتجاج کے بعد حکومت نے یہ بیان جاری کیا ہے۔ حال ہی میں بھارت نے امتوا ترپاٹھی کو ویٹیکن کا اپنا نیا سفیر مقرر کیا ہے اور جب نئے سفیر کی حیثیت سے وہ پوپ سے ملنے گئے تو پوپ نے بھارت کے متعلق اپنی رائے ظاہر کی تھی۔ حال ہی میں راجستھان کی حکومت نے تبدیلی مذہب پر پابندی کے لیئے ایک قانون منظور کیا ہے کہ جس کے تحت مذہب تبدیل کرنے والے کو مرتد ہونے کے جرم میں پانچ سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ اس قانون کو اسمبلی نے منظور کرلیا ہے لیکن گورنر نے ابھی دستخط نہیں کئے ہیں۔ | اسی بارے میں ایودھیاحملہ: ملزمان کیلیے وکیل نہیں20 May, 2006 | انڈیا ’خدا کی زمین‘ پرکمیونسٹ حکمران20 May, 2006 | انڈیا دلی ڈائری: ملا کی سیاست اور مونسون کی آمد21 May, 2006 | انڈیا احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ21 May, 2006 | انڈیا ’امن کوششوں پر اثر نہیں پڑے گا‘21 May, 2006 | انڈیا داڑھی منڈوا دو 23 May, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||