شکیل اختر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر |  |
 | | | حملے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کو ہسپتال پہنچایا جارہا ہے |
ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں کانگریس کی ایک ریلی پر عسکریت پسندوں کے حملے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ پچیس زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو خود کش حملہ آور بھی شامل ہیں۔ دیگر ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار اور چار شہری جبکہ زخمی ہونے والوں میں بھی سات پولیس اہلکار شامل ہیں۔ زخمی پولیس اہلکاروں میں آئی جی اور ڈی ایس پی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اطلاعات کے مطابق مقامی پولیس چوکی کے ایک ایس ایچ او بھی اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔ سرینگر کے شیر کشمیر پارک میں کانگریس کی ریلی سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی پندرہویں برسی کے سلسلہ میں منققد کی گئی تھی۔ اس ریلی میں ایک بڑي تعداد میں لوگ موجود تھے اور چھ منٹ بعد وزيراعلی غلام نبی آزاد وہاں پہنچنے والے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق ریلی میں سے ایک شخص نے اٹھ کر جلسے کے سٹیج پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں پولیس نے بھی گولیاں چلائیں۔ وہاں موجود رائٹرز کے ایک فوٹوگرافر کا کہنا ہے کہ اس نے کچھ پولیس والوں کے جسم سے خون بہتے ہوئے دیکھا۔ کانگریس کے ایک کارکن نے بتایا کہ اس نے کم از کم ایک درجن افراد کو دیکھا جن کو گولیاں لگی تھیں جبکہ ایک قریبی ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے تصدیق کی کہ ان کے ہاں دس زخمیوں کو لایا جا چکا ہے۔ حملے کے بعد پورے علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ فوج نے پورے علاقے کو سیل کر دیا ہے۔ دو شدت پسند تنظیموں لشکر طیبہ اور المنصورین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ |