BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت:
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
آسام: یومِ جمہوریہ سے قبل دھماکے

آسام
الفا باغیوں نے دو تھانوں پر گرینیڈ سے حملہ کیا
آسام میں بھارت کے یومِ جمہوریہ سے قبل علیحدگی پسند باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے متعدد بم دھماکوں اور حملوں میں دو پولیس والے ہلاک اور سترہ پولیس والوں سمیت تیس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

مغربی آسام میں الفا باغیوں نے پولیس کی گشتی پارٹی پر فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جبکہ اس واقعہ میں پولیس کے گیارہ جوان بری طرح زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب آسام کی دارالحکومت گوہاٹی میں الفا باغیوں نے دو تھانوں پر گرینیڈ سے حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں چھ پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شمالی آسام کے نمروپ علاقے میں بم دھماکے سے تیل کی پائپ لائن متاثر ہوئی ہے جس کے سبب دو کارخانوں میں تیل کی فراہمی بند ہوگئی۔

اس کے علاوہ ریاست کے دوسرے حصوں میں کم از کم نو بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

علیحدگی پسند تنظیم یونائٹیڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا) نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ باغیوں نے ریاست کے شمال میں دنجان کے مقام پر فوجی اڈے کو بھی مارٹر حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

علیحدگی پسندوں نے یہ کارروائی بظاہر حکومت سے بات چیت میں ڈیڈ لاک آنے کے بعد شروع کی۔ ’الفا‘ کی ملٹری شاخ کے کمانڈر پاریش بروا نے اپنے خفیہ ٹھکانے سے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہم نے حکومت سے بات چیت جاری رکھنے کی کوشش کی لیکن وہ بات چیت کے تئیں سنجیدہ نہیں ہیں‘۔

دھماکوں میں درجنوں افراد زخمی ہوئے

آسام کی ایک ادیب اندرا رائسم گوسوامی الفا باغیوں اور مرکزی حکومت کے درمیان بات چیت میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ محترمہ گوسوامی کے مطابق باغی مرکزی حکومت کے رویہ سے کافی ناراض ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ’ پہلے دور کی بات جیت کے بعد باغیوں کی امیدوں کو کافی حوصلہ ملا تھا ۔ اب پہلے دور کی بات چیت ختم ہوئے تین مہینے ہو چکے ہیں لیکن اب تک مرکزی حکومت نے دوسرے دور کی بات چیت کے لئے تاریخوں کا اعلان نہیں کیا ہے‘۔ پہلے دور میں الفا کی طرف سے ’سول سوسائٹی کمیٹی‘ کے کارکنوں نے حکومت کی طرف سے قومی سلامتی کے مشیراور دیگر اہلکاروں سے بات چیت کی تھی۔

الفا باغیوں کے چیف پریش بروا نے بھی اس بات سے اتفاق ظاہر کیا ہے کہ ہندوستانی افواج کا رویہ ان کی پریشانی کا سبب ہے۔ مسٹر بروا کا کہنا تھا کہ ’ آسام کے بیہو تہوار کے دوران ریاست کے وزيرِاعلٰی ترن گگوئی نے ہميں چھوٹ دی اور اس دوران مسلح افواج ہمارے جوانوں کو چن چن کر ہلاک کر رہی ہيں۔ یہ ہم سے زیادتی ہو رہی ہے اور ہميں پورا حق ہے کہ اس سازش کا جواب دیا جائے‘۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی الفا سمیت کئی باغی تنظیموں نے یوم جمہویہ کی تقریبات کے دن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ان تنظیموں میں منی پور پیپلز لبریشن فرنٹ ، آل تریپورا ٹائیگرز فورس اور شمالی بنگال میں قبائلی ریاست کے لیے لڑ رہی ایک تنظیم کامتاپور لبریشن آرگنائزیشن جیسی تنظیمیں شامل ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد