ثانیہ مرزا کے لیے سخت سکیورٹی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں اگلے ہفتے سے شروع ہونے والے سنفیسٹ ٹینس مقابلوں کے موقع پر ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کولکتہ پولیس نے ثانیہ مرزا کی حفاظت کے لیے ایک سو پولیس اہلکار مامور کیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ اقدام ان افواہوں کے بعد کیے ہیں کہ سخت گیر موقف رکھنے والی ایک اسلامی تنظیم جو ثانیہ مرزا کے سکرٹ پہن کر ٹینس کھیلنے کے خلاف ہے ان کے میچ کو روکنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی نے جس پر اس طرح کے عزائم کا شبہ کیا جا رہا ہے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ثانیہ مرزاکو کھیلنے سے روکنے کی بات نہیں کی ہے۔ تاہم جماعت نے کہا ہے کہ وہ ثانیہ مرزا کے ’مختصر‘ لباس پہن کر کھیلنے کے خلاف ہے۔ جماعت اسلامی مغربی بنگال کے سربراہ صدیق اللہ چودھری نے کہا کہ وہ ایک مسلمان لڑکی سے ’مختصر‘ لباس پہن کر کھیلنے کی توقع نہیں رکھتے۔ اس سے قبل سخت گیر موقف رکھنے والی مسلمان تنظیموں نے بنگلہ دیش کی مصنفہ تسلیمہ نسرین کو بھی چند ماہ قبل ایک اجتماع سے خطاب کرنے سے روک دیا تھا۔ کولکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی روشنی میں انہوں نے ثانیہ مرزا کے میچ کے موقع پر سخت حفاظتی انتضامات کیے ہیں۔ ثانیہ مرزا نے مختلف تنظیموں کے ان کے لباس پر اعتراض کی وجہ سے شروع ہونے والی بحث میں الجھنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا ہے کہ وہ ان سے مذہب کے بارے میں سوال نہ کریں۔ ثانیہ مرزا مختصر عرصے میں عالمی رینکنگ میں تین سو چونسٹھ سے چونتیسویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ ان مقبولیت کی وجہ سے بہت سی بھارتی کمپنیاں انہیں اشتہاروں میں لینا چاہتی ہیں اور اس کے لیے ان کی فیس اب صرف سچن تندولکر سے کم ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||