اداکارہ قتل کی سازش میں گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ممبئی پولیس نے بالی وڈ کی اداکارہ پریتی جین کو فلم ہدایت کار مدھر بھنڈارکر کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پریتی نے بھنڈارکر کو قتل کرنے کے لیے ایک اجرتی قاتل کو ستر ہزار روپے دیے تھے۔ ایک برس قبل اداکارہ پریتی جین نے ’چاندنی بار‘ فلم کے ہدایت کار مدھر بھنڈارکر پر جنسی استحصال اور عصمت دری کا الزام لگایا تھا۔ پریتی کا کہنا تھا کہ بھنڈارکر نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انہیں اپنی فلموں میں رول دیں گے اور ان سے شادی کریں گے۔ بھنڈارکر ان دونوں الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایک رپورٹ بھی درج کی تھی۔
بھنڈارکر کی قتل کی سازش کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سابق مافیا ڈان اور اب اسمبلی کے رکن ارون گاؤلی کے گروہ کے ایک رکن نے پولیس کو تحریری طور پر مطلع کیا کہ پریتی نے ان کے ایک ساتھی کو ایک بھنڈارکر کو قتل کرنے کے لیے ایک بڑی رقم دی تھی۔ پولیس نے کل پریتی اور مبینہ طور پر اجرتی قاتل نریندر پردیسی سے تقریباً پانچ گھنٹے پوچھ گچھ کی اور اس کے بعد دونوں کو گرفتار کر لیا۔ بھنڈارکر نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آخر لوگ اس طرح کا قدم کیوں اٹھاتے ہیں‘۔ سابق مافیا ڈان ارون گاؤلی نے اس معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس سازش کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔ فی الحال پریتی پولیس کی تحویل میں ہیں اور پولیس اس کیس کے متعلق مزید تفتیش کر رہی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||