’علیحدگی پسندوں کو بھی شامل کریں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعلیٰ مفتی سعید نے کہا ہے کہ علیحدگی پسندوں کو مذاکرات میں شامل کرنا چاہیے۔ مفتی سعید نے چندی گڑھ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دونوں طرف کے جمہوری طور پر منتخب رہنماؤں کے ساتھ علیحدگی پسندوں کو بھی مذاکرات میں شامل کیا جانا چاہیے۔ مفتی سعید نے کہا کہ جہاں یہ حقیقت ہے کہ وہ کشمیر میں جمہوری طور پر منتخب ہوئے ہیں وہیں پر یہ نہیں بھلایا جا سکتا کہ کچھ لوگ انتخابی عمل سے اس لیے دور رہے کہ ان کے خیال میں کشمیر کا بھارت سے الحاق غلط تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کی طرح کے گروہوں کو بات چیت میں شامل کرے۔ مفتی سعید نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن مذاکرات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں لیکن امن کی طرف یہ پیشکش اب اٹل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک چار بار جنگ کر چکے ہیں لیکن اس سے مسئلہ حل نہیں ہوا اور اب امن کا قیام ہی واحد حل ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||