خودکش سکھ حملہ آور گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی پنجاب میں پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ انہوں نے دو سکھ گرفتار کیے ہیں جنہوں نے خودکش حملوں کی تربیت حاصل کی تھی۔ ریاست کے دارالحکومت چندی گڑھ میں پولیس حکام نے کہا کہ انہوں نے خفیہ ذرائع سے اطلاع ملنے پر پرمجیت سنگھ اور کملجیت سنگھ کو حراست میں لیا جبکہ ان کا ایک تیسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ چندی گڑھ پولیس کے ڈپٹی کمشنر بھگوان داس بیکٹر نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے افراد کا تعلق سکھوں کی کالعدم تنظیم ببر خالصہ انٹرنیشنل(بی کے آئی) سے ہے۔ پولیس نے کہا کہ انہوں نے حراست میں لیے جانے والے افراد سے ایک پستول اور چار سو پچاس گرام دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔ پولیس نے کہا کہ ان دونوں افراد کو بی کے آئی کے مبینہ سربراہ جگتر سنگھ ہواڑہ نے بھرتی کیا تھا۔ ہواڑہ کو مئی میں دو سینما گھروں میں بم دھماکوں کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ چندی گڑھ پولیس نے گزشتہ ہفتے بھی بی کے آئی کے دو ارکان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||