اودھم پور میں تین شہری ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع ادھم پور میں مشتبہ شدت پسندوں نے تین شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ڈی کے بڈولہ کے مطابق مکھنڈ نامی گاؤں میں یہ واقعہ بدھ کی رات پیش آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جموں کے شمال میں ایک سو نوے کلو میٹر کے فاصلے پر واقع اس گاؤں میں مشتبہ شدت پسند نے خود کار رائفل سے مسلمان خاندانوں کے ملحق گھروں پر فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کے اس فائرنگ کے نتیجے میں بیس سالہ شگفتہ اور ان کی چالیس سالہ والدہ فتو بیگم اور ایک ہمسایہ عبدالغنی ہلاک ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق جمعرات کو شگفتہ کی شادی ہونے والی تھی۔ عبدالغنی کی ہلاکت کے بعد ان کے خاندان کے خوفزدہ ارکان گھر چھوڑ کر گاؤں سے چلے گئے۔ صبح کو انہوں نے ایک فوجی چوکی کو پورے واقعے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ شدت پسند تعداد میں پانچ تھے۔ ابھی تک حملے کے اسباب کا علم نہیں ہو سکا لیکن فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ شدت پسند مقامی تھے۔ اب تک کسی شدت پسند تنظیم نے اس حملے اور ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ گزشتہ روز ضلع ڈوڈہ میں بھی ایک خونریز تصادم میں پولیس کے پانچ اہلکار جن میں تین مرکزی ریزرو پولیس فورس، سی آر پی ایف کے تھے اور دو شدت پسند ہلاک ہوئے تھے جب کہ جھڑپ کے دوران چار مکان بھی جل کر خاک ہو گئے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||