صلاح الدین بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئ دہلی |  |
 |  وزیراعظم منموہن سنگھ |
وزیراعظم منموہن سنگھ نے ملک کے سائنس دانوں سے کہا ہے کہ وہ قدرتی آفات سے تحفظ کے لئے جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کی تحقیق پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سونامی جیسے تباہ کن طوفان کو خاموشی سے نہیں دیکھا جاسکتا اور اس کے لۓ بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ گجرات کے شہر احمدآباد میں 92 ویں سائنس کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس طرح کی تباہی سے جیسے ہمیں نمٹنے میں مہارت ہے ویسے ہی ایسی آفات کے متعلق ہم میں پیشگی اطلاع دینے کی بھی صلاحیت ہونی چاہئے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ سمندری زلزلے کے اس پورے پس منظر میں سوال یہ اٹھتا ہے کہ اگر اس طرح کی تباہی سے انسانیت کو پوری طرح محفوظ نہیں کیا جاسکتا تو سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ایسے حالات سے منٹنے کے لئے کیسے بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’ہمیں اپنے موصلاتی نظام اور امدادی سسٹم میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے تاکہ سیلاب، طوفان، زلزلے، خشک سالی، تودے گرنے اور برف باری جیسے قدرتی آفات کے متعلق پیشگی اطلاعات دی جا سکیں۔ ہمیں ان وجوہات کو اچھی طرح سمجھنا ہوگا جس کے سبب ایسے واقعات ہوتے ہیں تاکہ لوگوں کو خبر دار کیا جاسکے۔‘ اس سے قبل حکومت یہ اعلان کر چکی ہے کہ وہ قدرتی آفات کے متعلق پیشگی اطلاع حاصل کرنے کے لۓ خصوصی مواصلامتی نظام پر غور کر رہی ہے اور جلد ہی اس سلسلے میں کئ اہم قدم اٹھا ئے جائیں گے۔ |