کشمیر پر کوئی اختلاف نہیں: پاٹل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے وزیر داخلہ شیو راج پاٹل نے حزب اختلاف کے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے کہ کشمیر کی صورت حال کے بارے میں حکومت کے اندر اختلافات ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما پرتھوی راج چوہان نے پارلیمنٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر داخلہ کی توجہ وزیر دفاع کے اس بیان کی طرف دلائی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ مہینوں میں کنٹرول لائن پر دراندازی میں اضافہ ہوا ہے ۔ مسٹر چوہان نے یہ الزام عائد کیا کہ وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے درمیان ہندوستان کے زیرِانتظام کشمیر میں فوج کم کرنے کے سوال پر بھی اختلافات ہیں۔ انہوں نے وزارت داخلہ شیوراج پاٹل سے اسی سلسلے میں وضاحت طلب کی۔ مسٹر پاٹل نے حزب اختلاف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوۓ کہا کہ کشمیر کے سوال پر حکومت میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع نے صرف اتنا کہا تھا کہ ستمبر اور اکتوبر کے مہینے میں گزشتہ سال کے مقابلے دراندازی کے زیادہ واقعات ہوۓ تھے ۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ حزب اختلاف اس طرح کے بیانات دے کر عوام کو گمراہ نہ کرے۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں شدت پسندوں کے کم ازکم 66 تربیتی کیمپ قائم ہیں اور سرحد پار سے شدت پسند سرگرمیاں ماضی کی طرح اب بھی جاری ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||