’کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیئے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان میں قریبی ثقافتی اور اقتصادی روابط کے لیے کشمیر جیسے بنیادی مسئلے کا حل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات بھارتی پنجاب کے صدر مقام چندی گڑھ میں کہی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کام دونوں ممالک کی وفاقی حکومتوں کا ہے۔ انہوں نے اپنے بھارتی ہم منصب امرندر سنگھ کے ساتھ مل کر اس امر کا اعادہ کیا کہ وہ سرحد کے آر پار رہنے والے پنجابیوں کے درمیان خیر خواہی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔ چندی گڑھ میں دونوں وزراء اعلیٰ نے کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کی زرعی ٹیکنالوجی کی نمائش ۔ ایگرو ٹیک 2004 ۔ کا دورہ کیا۔
نمائش میں بھارتی وزیرِ اعلیٰ نے اپنے ہم منصب کو ایک 75 ہارس پاور کا ایک بھارتی ٹریکٹر پیش کیا۔ کچھ عرصہ قبل جب بھارتی وزیرِ اعلیٰ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا تو پرویز الٰہی نے انہیں ایک اعلیٰ نسل کا عربی گھوڑا تحفہ میں دیا تھا۔ چندی گڑھ سے پاکستانی وزیرِ اعلیٰ پٹیالہ شہر گئے جہاں انہوں نے ورلڈ پنجابی کانفرنس کے پاکستان اور بھارتی مندوبین سے خطاب کیا۔ اتوار کے روز پاکستان وزیرِ اعلیٰ پاکستان اور بھارت کے پنجاب کے، جنہیں مشرقی اور مغربی پنجاب بھی کہا جاتا ہے، درمیان کھیلوں کے ٹورنامنٹ کا افتتاح کریں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||