BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 25 November, 2004, 18:51 GMT 23:51 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
تاج رات کو بھی کھول دیا گیا

تاج محل
یہ اجازت عارضی طور پر دی گئی ہے
ہندوستان میں سپریم کورٹ نے چاندنی راتوں میں تاج محل کو عوام کے لیے کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

مفاد عامہ کی ایک درخواست پر سماعت کے بعد عدالت نے کہا ہے کہ ہر مہینے کی پانچ راتوں کو سیاحوں کے لیے تاج محل کھلا رہے گا۔ لیکن اسکےحفاظتی بندوبست کے لیے کئی شرائط بھی عائد کی ہیں۔ اور کہا ہے کہ اس میں لاپرواہی پر فیصلہ واپس لیا جاسکتا ہے۔

مکمل چاند سے دو روز قبل اور اسکے دو دن بعد کی کل پانچ راتیں ہر ماہ تاج محل کو دیکھنے والوں کے لیے کھلی رہیں گی۔

لیکن ایک رات میں صرف 400 افراد ہی تاج کے احاطے کے اندر جا سکیں گے۔ عدالت عظمیٰ کا یہ فیصلہ آئندہ تین ماہ کے لیے عارضی طور پر ہے جسکے بعد وہاں کے نظم و نسق کا جائزہ لینے کے بعد اس فیصلے پر نظرثانی کی جاۓ گی۔

ریاست اتر پردیش کی حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دی تھی کہ تاج محل کو چاندنی راتوں میں سیاحوں کے لیے کھول دیا جاۓ۔ عدالت نے یہ درخواست تو مان لی ہے لیکن اسکے لیے سخت شرائط بھی عائد کی ہیں۔

عدالت نے کہا ہے کہ تاج محل کی سلامتی اور اسکے حفاظتی بنددوبست میں کسی بھی طرح کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیۓ ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک چاند کی روشنی میں سیاح اندر جا سکیں گے۔ تاج محل کے اندر یہ سیاح صرف آدھے گھنٹے تک رہ سکیں گے۔ لوگ ایک وفد کی شکل میں اندر جائیں گے اور ہر وفد 50 افراد سے زیاہ لوگوں پر مشتمل نہیں ہوگا۔

اسی طرح تاج محل کے احاطے کے آس پاس 500 میٹر کے اندر کوئی گاڑي بھی داخل نہیں ہونے دی جا‌ۓ گي۔

سپریم کورٹ نے آثارِ قدیمہ اور مقامی انتظامیہ کے کئی افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان تمام احکامات پر نظر رکھیں اور تین ماہ کے اندر عدالت میں رپورٹ پیش کریں۔

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کسی بھی لاپرواہی کی صورت میں عدالت عظمی تاج کو بند کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ یوں تو تاج محل پر اس طرح کی کوئی پابندی نہیں تھی لیکن 20 برس قبل کچھ خطرات کے پیش نظر احتیاطی طور پر رات کے وقت اسے بند کر دیا گیا تھا۔

بیس سال بعد اسے دوبارہ کھولا گیا ہے اور دنیا بھر کے وہ سیاح جن کے دل میں محبت کی نشانی تاج محل کو چاندنی رات میں دیکھنے کی تمنا تھی وہ اب پوری ہو سکے گي۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد