چاندنی رات میں تاج محل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اطلاعات کے مطابق بھارت جانے والے سیاح بہت جلد مشہور تاج محل کا لطف چاندنی رات میں بھی اٹھا سکیں گے۔ تاج محل کی تعمیر مغل بادشاہ شاہ جہان نے اپنی ملکہ ممتاز محل کی محبت کی یاد میں کروائی تھی۔ بھارتی شہر آگرا میں قائم یہ یادگار پچھلے بیس سال سے شام ہوتے ہی سیاحوں کے لیے بند کر دی جاتی ہے۔ بھارت کی مرکزی سرکار نے 1984 میں تاج محل کوشام کے وقت سیاحوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان دنوں پنجاب میں شدت پسندوں کے ساتھ تصادم کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا تھا۔ حکومت کو ڈر تھا کہ شدت پسند رات کے اندھیرے میں تاج محل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتے تھے۔ مگر اب ریاست اتر پردیش کے حکام چاندنی راتوں میں سیاحوں کے لیے اس یادگار کو پھر ایک بار کھولنے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں۔ یونائٹڈ نیوز آف انڈیا نے سیاحت کے اعلیٰ اہلکار آلوک سنہا کے حوالے سے بتایا ہے کہ منصوبے کے مطابق ایک ماہ میں پانچ راتوں (پورے چاند کی رات اور اس پہلے اور اس کے بعد دو راتیں) کو سیاحوں کے لیے تاج محل کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔ مگر ہر رات ایسا ہونا ممکن نہیں ہے کیونکہ تاج محل کے آس پاس تیز روشنی دینے والی فلڈ لائٹس لگانے کی وجہ سے تاج محل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تاج محل کی تعمیر 1631 میں شروع اور 1653 میں مکمل ہوئی تھی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ تقریباً بیس ہزار لوگوں نے اس کی تعمیر میں حصہ لیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||