 |  سونیا گاندھی اور شرد پوار |
بھارتی ریاست مہاراشٹر میں بدھ کو قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات میں کانگریس پارٹی اور اس کی حلیف جماعتیں دو سو اٹھاسی نشستوں میں سے ایک سو انتالیس جیت کر اب بھی ریاست کا سب سے بڑا سیاسی گروہ ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ عام توقع یہی ہے کہ کانگریس پارٹی دیگر آزاد اور چھوٹی سیاسی پارٹیوں کو اپنے ساتھ ملا کر باآسانی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ممبئی میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے نتائج کے آتے ہی کانگریس کے ناقدین کو چپ لگ جائے گی کیونکہ انہیں شبہ تھا کہ جون میں ہونے والے قومی انتخابات میں غیرمتوقع طور پر کامیاب ہونے والی کانگریس پارٹی مہاراشٹر میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق مہاراشٹر بھارت کی سب سے زیادہ خوشحال ریاست ہونے کے حوالے سے سیاسی طور پر بھی زیادہ اہمیت کی حامل ہو جاتی ہے اور یہ ریاست روایتی طور پر بھی کانگریس کا مضبوط گڑھ رہی ہے۔ لیکن انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتائج بی جے پی کے لیے انتہائی مایوسی کا سبب بنیں گے۔ |