ای یو سفیر کا سرینگر میں ُدھماکہ‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈیا کے لئے یورپی یونین کے سفیر فرانسسکو ڈا کمارا گومز نے کہا ہے کہ کشمیر انڈیا کا حصہ ہے۔ وہ چار روزہ انڈیا - ای یو کانفرنس کے دوسرے دن صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ گومز نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان کا کشمیر میں ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیر انڈیا کے باقی تمام علاقوں جیسا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کشمیر میں امن قائم کرنے کی انڈیا کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ای یو کی عدم مداخلت کی پالیسی کو بھی دہرایا۔ انہوں نے یہ بات اس وقت کہی جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا اس کانفرنس کا کشمیر میں ہونا اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ای یو نےکشمیر کو انڈیا کا حصہ تسلیم کر لیا ہے؟ کشمیریوں کی مہمان نوازی کے بارے میں پوچھے جانے پر گومز نے کہا کہ انہوں نے کشمیریوں کی تواضع اور مہمان داری کے بارے میں سنا تو تھا، مگر انہیں اچانک یہ محسوس ہوا کہ کشمیر کے لوگ ان کے وہاں ہونے سے خوش نہیں تھے۔ ان کی یہ بات سن کر وہاں موجود نامہ نگاروں نے احتجاج کے طور پر بعد میں ہونے والی پر تکلف ضیافت کا بائیکاٹ کر دیا۔ انڈیا - ای یو کانفرنس جمعہ کی رات کو سرینگر میں شروع ہوئی۔ اس میں خاص طور پر دیرپا ترقی اور سیروسیاحت پر غور کیا جائے گا۔ ای یو ممالک نے اب بھی اپنے باشندوں کو کشمیر جانے کے خلاف دی گئی اپنی اڈوائس واپس نہیں لی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||