بالاکرشنا قتل کے الزام میں گرفتار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں پولیس نے تیلگو فلموں کے اداکار بالاکرشنا کو اقدام قتل کے جرم میں گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق بالاکرشنا نے جمعرات کی رات ایک پروڈیوسر بیلمکوندا سریش پر گولی چلانے کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ واقعہ پروڈیوسر کے گھر پر پیش آیا جب انہوں نے بالاکرشنا پر حملہ کیا۔ بالاکرشنا کی گرفتاری کا واقعہ فلمی کہانی سے ملتا جلتا ہے۔ مداحوں اور صحافیوں کی بھیڑ اس ہسپتال کے باہر جمع رہی جہاں انہیں علاج کے لیے لایا گیا تھا۔ پولیس نے انہیں اتوار کی صبح ساڑھے تین بجے گرفتار کیا۔ انہیں ہسپتال کے پچھلے دروازے سے ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر مجسٹریٹ کی رہائش گاہ پر لے جایا گیا۔ حیدر آباد پولیس کے کمیشنر آر پی سنگھ نے فریقین کے موقف سن کر فیصلہ دیا کہ بالاکرشنا کو پیر تک ہسپتال میں رکھا جائے۔ تاہم انہیں پیر ہی کی صبح عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس کو دیئے گئے ابتدائی بیان میں بالاکرشنا نے کہا تھا کہ بیلمکوندہ سریش اور ان کے درمیان فلم ’لکشمی نرسمہا‘ کے اخراجات کے معاملے پر تلخ بحث ہوئی۔ بالاکرشنا نے الزام عائد کیا کہ پروڈیوسر نے کاغذ کاٹنے والی چھری سے حملہ کیا تھا جس کے جواب میں انہوں نے اپنے دفاع میں ریوالور سے گولی چلائی۔ بالاکرشنا نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے صرف ایک ہی گولی چلائی اور اس کے بعد کیا ہوا، انہیں کچھ یاد نہیں۔ پولیس نے بالاکرشنا کے خلاف دفعہ 307 کےتحت اقدام قتل کا مقدمہ درج کرنے کے علاوہ ثبوت مٹانے اور اسلحے کے ناجائز استعمال کی فرد جرم بھی عائد کی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||