ڈی ایم کے وزارتوں سے ناخوش | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان میں نئی حکومت کے حلف اٹھانے کے دو روز بعد ہی حکمران پارٹی کی ایک اہم اتحادی جماعت، تامل ناڈو کی ڈی ایم کے پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس کے وزراء اپنی وزارتوں سے خوش نہیں۔ پارٹی کے رہنما ڈاکٹر کرونانیدھی نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کی پارٹی سے کئے گئے وعدوں کے مطابق محکمے الاٹ نہ کئے گئے تو ’ڈی ایم کے‘ سے تعلق رکھنے والے وزراء اپنے عہدوں پر کام نہیں کریں گے۔ ڈی ایم کے بھارتی حکمراں اتحاد میں شامل پہلی جماعت ہے جس نے کانگریس کے ساتھ انتخابی اتحاد قائم کیا تھا جس کے بدلے میں سات وزارتیں دی گئی ہیں ان میں تین وزیر اور چار جونیئر وزراء شامل ہیں۔ پارٹی کے رہنما ڈاکٹر کرونانیدھی نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ڈی ایم کے کن وزارتوں کے نہ ملنے پر ناخوش ہے۔ ہندوستان کی نئی حکومت وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ سمیت اڑسٹھ وزراء پر مشتمل ہے جنہوں نے سنیچر کو حلف اٹھایا تھا۔ تاہم کانگریس کے اپنے ارکان اور اتحادی پارٹیوں کے درمیان رسہ کشی کی وجہ سے وزراء کے محکموں کا اعلان اتوار کی شام تک ملتوی رہا۔ مبصرین کے مطابق ’ڈی ایم کے‘ کی طرف سے کیا گیا اظہار ناراضگی ڈاکٹر من موہن سنگھ کی حکومت کو درپیش چیلنجوں کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||