اندرا کے بعد سونیا گاندھی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اندرا گاندھی کے بعد سونیا گاندھی نے رائے بریلی سے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کر دیے ہیں۔ اندرا کے بعد سونیا گاندھی ، گاندھی خاندان کی پہلی فرد ہیں جو رائے بریلی سے انتخاب لڑیں گی۔ بی بی سی ہندی سروس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک بڑا اہم لمحہ ہے اس سے قبل ان کی ساس اندرا گاندھی اسی انتخابی حلقے سے جیتتی رہی تھیں۔ ماضی میں یہ انتخابی حلقہ ان کی ساس اندرا اور سُسر فیروز گاندھی کا بھی انتخابی حلقہ رہ چکا ہے۔ مسز سونیا گاندھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ وہ تاریخی شہر ہے جہاں سے ان کے شوہر راجیو گاندھی کے نانا جواہر لعل نہرو نے بھارت کی آزادی کے لیے کئی تحریکوں کا آغاز کیا تھا۔ اور ایک وقت آیا تھا کہ جب وہ آزاد بھارت کے پہلے وزیر اعظم بنے تھے۔ سونیا کے شوہر راجیو اور ساس اندرا دونوں ہی کو قتل کیا گیا تھا اس لحاظ سے ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ ان کے خاندان کی زندگی کو خطرہ ہے۔ لیکن اس صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ تو سیاست کا حصہ ہے۔ بی بی سی ہندی سروس سے بات کرنے کے دوران جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ انتخابات جیت کر ملک کی اگلی نئی حکومت بنا سکیں گی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ پورے عزم کے ساتھ یہ انتخابات لڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اُتر پردیش میں کانگریس کی انتخابی حکمت عملی پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کانگریس وہاں سیاسی گٹھ جوڑ میں زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی انتخابات کے دوران زیادہ سےزیادہ پارلیمانی نشستیں اُتر پردیش یا یو پی سے ہی چُنی جاتی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||