منی پور میں دھماکہ، 9 ہلاک

بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک زبردست دھماکے میں کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سینیئر صحافی سوبیر بھومک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھماکہ ریاست منی پور کے دارالحکومت امپھال کے ایک مرکزی بازار ناگم پل میں جمعہ کی شام کو ہوا۔
اطلاعات کے مطابق اس میں ہلاک ہونے والے تمام افراد مقامی نہیں ہیں اور زخمیوں میں سے سات افراد کی حالت انتہائي نازک بتائی جاتی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق عسکریت پسندوں نے غیر منی پوری مزدوروں کے ایک کیمپ کو بم سے نشانہ بنایا ہے۔
اس سے قبل پولیس نے کہا تھا کہ بم ایک دکان میں نصب تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ ایک کلومیٹر کے فاصلے تک دھماکے کی آواز سنائی دی ہے۔
ابھی تک کسی بھی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

پولیس کے مطابق جہاں یہ دھماکہ ہوا وہاں زیادہ تر بھارت کی دوسری ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد رہتے ہیں۔
سوبیر بھومک کے مطابق ریاست کے وزیر اعلی اوکرام ابوبی سنگھ نے مقامی ٹیلی ویژن پر ہندی بولنے والے باشندوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس ہراساں نہ ہوں اور انہیں یہاں سے ہجرت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق جمعہ کی صبح کو امپھال کے مشرقی ضلع کھورائی میں بھارتی فوج کے 40 آسام رائفلز کو بم سے نشانہ بنایا گیا جس میں ایک سکول کا مطبخ تباہ ہو گیا جبکہ ایک شخص کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
اس دھماکے کی ذمہ داری پیپلز لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔







