بھارت:تیز رفتار ترقی کے لیے بڑے منصوبے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارتی حکومت نے ملکی معیشت کی ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچے میں دو لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اقتصادی حالات بہتر کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے میں بڑی سطح پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔
بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ لگاتار آٹھ برسوں تک ترقی کی شرح میں اضافے کے بعد اس وقت بھارت کی معیشت بھنور میں ہے۔
آئندہ پانچ برسوں میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں ایک کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت بتاتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا ’ایسے مشکل حالات میں ہمیں سرمایہ کاری کی حالت سدھارنے کے علاوہ نجی اور عوامی شعبوں میں تجارتی ماحول ٹھیک کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے‘۔
بدھ کو منموہن سنگھ نے انفراسٹرکچر شعبوں سے منسلک وزراتوں کے وزراء کا ایک اجلاس بلایا تھا۔ اس میں بجلی سڑکیں، بندرگاہ ، ریلوے، کوئلہ اور ہوا بازی کے شعبے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے منموہن سنگھ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’حکومت نے صرف معیشت سے متعلق چیلنجز سے واقف ہے بلکہ ان حالات کو سدھارنے کے لیے ان ضروری اقدامات کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے جن سے بھارت کی معیشت کو دوبارہ صحیح راہ پر لایا جا سکے۔ ان کوششوں سے بھارت پھر ایک بار نو فی صد کی شرح ترقی حاصل کرنے کی سمت میں آگے بڑھ سکے گا‘۔
اطلاعات کے مطابق اس میٹنگ میں جو اہداف رکھے گئے ہیں ان کا ہر تین ماہ پر جائزہ لیا جائے گا۔
اس اجلاس میں مختلف شعبوں کے لیے جو اہم ہدف طے کیے گئے ہیں ان کے تحت ہوا بازی کے شعبے میں کل چھتیس منصوبوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ نوی ممبئی، گووا، کننور میں تین نئے گرین فیلڈ ائیرپورٹ بنائے جائیں گے جبکہ لکھنو، بنارس، کوئمبٹور، بہار کے گیا شہروں میں نئے عالمی ہوائی اڈے بنائے جائیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہیں آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں دو نئے بندرگاہ بنیں گی اور ریلوے کے شعبے میں اہم سرمایہ کی جائے گی اور ممبئی اور احمدآباد کے درمیان بلٹ ٹرین چلائي جائے گی۔







