سریش کلماڈی کی گرفتاری

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

    • مصنف, سہیل حلیم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی

دولت مشترکہ کھیلوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سابق سربراہ اور کانگریس کے رکن پارلمیان سریش کلماڈی کو کھیلوں کے انعقاد میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مرکزی تفتیشی بیورو( سی بی آئی) کے ترجمان نے سریش کلماڈی کی گرفتار کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ انھیں منگل کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

کلماڈی کو کھیلوں کے انعقاد کے لیے سروسز کی فراہمی اور ساز و سامان کی خریداری کے کانٹریکٹ مہنگے داموں پر جاری کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ ان الزامات کے بعد انہیں کانگریس پارلیمانی پارٹی کے سیکریٹری کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے دو سابق اعلی اہلکار للت بھانوٹ اور وی کے ورما کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔

کھیلوں کے انعقاد میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے تھے جس کے بعد وزیر اعظم من موہن سنگھ اور کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کہا تھا کہ قصوروار افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔

لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ کلماڈی ’چھوٹی مچھلی‘ ہیں اور اربوں روپے کے اس گھپلے کے پیچھے جن بڑے سیاست دانوں کا ہاتھ تھا انہیں گرفتار کیا جانا چاہیے۔

ان سے پہلی مرتبہ پانچ جنوری کو پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ پیر کو انہیں لندن میں ’کوئین کی بیٹن ریلے‘ کے دوران ٹرانسپورٹ کے انتظامات سے متعلق الزامات کی وضاحت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

اس سے پہلے دسمبر میں سی بی آئی نے سریش کلماڈی کے دفاتر اور رہائش گاہوں پر چھاپے مارے تھے اور بہت سے دستاویزات ضبط کیے تھے۔

بے ضابطگیوں اور دھاندلیوں کے الزامات کی تفتیش میں سی بی آئی کے علاوہ سنٹرل ویجیلنس کمیش بھی مصروف ہے جو مختلف سرکاری اداروں کی زیر نگرانی ہونے والے تقریباً چالیس منصوبوں کا جائزہ لے رہا ہے۔

سی بی آئی نے اب تک آٹھ مقدمے درج کیے ہیں جن میں سے چار میں آرگنائزنگ کیمٹی کے ارکان کو ملزم بنایا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ دولت مشترکہ کھیلوں کے انعقاد پر تقریباً سات کھرب روپے خرچ کیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود ملک کو ناقص انتظامات کی وجہ سے بہت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بہت سے پراجیکٹ وقت پر مکمل ہی نہیں ہو پائے تھے اور کام کے معیار کو لیکر بھی بہت سی شکایتیں سامنے آئی تھیں۔ لیکن سب سے زیادہ بدنامی شاید اس وقت ہوئی تھی جب کئی ممالک کے کھلاڑیوں نے گیمز ولیج میں گندگی کی وجہ سے وہاں رہنے سے انکار کر دیا تھا۔