ممبئی حملہ کیس : گواہ لاپتہ

فائل فوٹو تاج ہوٹل
،تصویر کا کیپشنممبئی حملے کے مقدمہ کی سماعت ممبئی میں ایک خصوصی عدالت میں چل رہی ہے
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

ممبئی حملوں کے کیس کے ایک اہم گواہ نورالدین شیخ جنہوں نے گزشتہ روز ملزم فہیم انصاری کے خلاف عدالت میں گواہی دی تھی، لاپتہ ہو چکے ہیں۔

سرکاری وکیل اجول نکم نے خصوصی جج ایم ایل تہیلیانی کو بتایا ہے کہ ان کا گواہ شیخ ساڑھے چھ بجے صبح اپنے گھر سے عدالت جانے کے لیے نکلا تھا لیکن اب تک عدالت میں حاضر نہیں ہوا ہے۔

نکم نے عدالت کو مزید بتایا کہ شیخ کی گمشدگی کی رپورٹ مقامی پولیس اور کرائم برانچ کو دے دی گئی ہے۔ انہوں نے شیخ کی گمشدگی پر مزید کہا کہ پولیس نے گواہ کی شناخت ہر کسی سے چھپا کر رکھی تھی اور یہ کہ ملزم کے دفاعی وکیل نے بھی گواہ کو کل ہی عدالت میں دیکھا تھا۔

جج تہیلیانی نے اسے ایک انتہائی سنگین معاملہ بتایا۔ جج نے گواہ کو تلاش کرنے کے لیے پولیس کو ہدایت دی ہے۔

گواہ شیخ سے آج عدالت میں فہیم کے وکیل شاہد اعظمی جرح کرنے والے تھے۔ اعظمی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شیخ کی گمشدگی پر انہیں شبہ ہے۔ ایڈوکیٹ اعظمی کے مطابق جب گواہ کو پولیس سیکوریٹی دی گئی تھی تو گواہ کا اس طرح سے غائب ہونا کسی کو بھی شک و شبہ میں مبتلا کر سکتا ہے۔

اعظمی کا کہنا تھا کہ یہ گواہ ان کے موکل کا دوست نہیں ہے اور یہ کہ ملزم پرانا ہسٹری شیٹر ہے جب کہ ان کے موکل کے خلاف ماضی میں کوئی کیس کہیں بھی درج نہیں ہے۔

فہیم پر الزام ہے کہ انہوں نے ممبئی کا نقشہ بنایا تھا جس سے حملہ آوروں کو مدد ملی تھی اور صباح الدین نے وہ نقشہ ذکی الرحمن لکھوی تک پہنچانے کا کام کیا تھا۔

فہیم کے خلاف عدالت میں یہ پہلی گواہی تھی۔ اور آج گواہ سے جرح کی جانی تھی۔ عدالت نے اس جرح کو پیر تک کے لیے ملتوی کر دیا۔

گواہ نورالدین شیخ نے گزشتہ روز عدات میں گواہی دی تھی کہ فہیم انصاری ان کے بچپن کے دوست ہیں۔ وہ سن دو ہزار آٹھ میں چھٹیاں منانے نیپال گئے تھے جہاں ان کی ملاقات فہیم سے ہوئی۔ فہیم انہیں اپنے ساتھ ہوٹل کے کمرے تک لایا تھا جہاں فہیم نے صباح الدین کو نقشہ دیا۔ پولیس کا دعوی ہے کہ یہ نقشہ ملزمین فہیم اور صباح نے لشکر طیبہ نامی شدت پسند تنظیم کے مبینہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی کے کہنے پر بنایا تھا جس میں ان ٹھکانوں کی نشان دہی کی گئی ہے جہاں بعد میں حملہ آوروں نے حملے کئے تھے۔

گزشتہ برس چھبیس نومبر کو مبمئی پر ہوئے حملوں میں زندہ پکڑے جانے والا واحد حملہ آور اجمل امیر قصاب پاکستانی ہے جبکہ فہیم اور صباح دونوں ہندستانی ملزمین ہیں۔