دستی بموں میں اب مرچ استعمال ہوگی

ہندوستان کے دفاعی سائنسدان دستی بموں ميں مرچ کے پاؤڈر کے استعمال کا فارمولہ تیار کر رہے ہيں۔ اطلاعات کے مطابق اس قسم کے بموں کا استعمال فرقہ وارانہ فسادات میں بلوائیوں اور شدت پسندوں کے خلاف کیا جا سکتا ہے۔
ہندوستان کے دفاعی تحقیق کے ادارے ڈی آر ڈی او کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسے چھوٹے دستی بم بنانے کا فارمولہ تیار کیا ہے جس میں مرچ کا پاؤڈر ملا ہوا ہوگا۔
ادارے نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان میں شمال مشرقی ریاستوں میں پیدا کی جانے والی مرچ کا استعمال کیا جائے گا۔ ان علاقوں میں پیدا کی جانے والی مرچ کی تاثیر انتہائی تیکھی ہوتی ہے۔
اس قسم کے دستی بموں کے استعمال سے کسی شخص کی جان تو نہیں جائے گی لیکن یہ بم اس شخص کو وقتی طور پر بیکار ضرور کر دے گا۔
ان بموں میں بھت جولوکیا قسم کی مرچوں کا استعمال ہوگا جو عام طور پر استعمال ہونے والی مرچ سے کہيں زيادہ تیکھی ہوتی ہیں۔
ڈی آر ڈی او نے یہ بھی کہا ہے کہ اس قسم کی مرچوں کا استعمال ٹھنڈی ریاستوں ميں تعینات افواج کی خوراک میں بھی کیا جائے گا۔ سائنسدانوں کے مطابق اسے کھانے سے جسم کی گرمی بڑھانے میں مدد ملے گی۔
بھت جولوکیا مرچ کی شدت ناپنے والے اسکوولے پیمانے پر دس لاکھ یونٹ گرمی پیدا کرتی ہے۔ اس پیمانے کا نام ایک امریکی سائنسدان ولبر اسکوولے کے نام پر کیا گیا تھا جنہوں نے مرچ ميں شدت کی پیمائش کا فارمولہ ایجاد کیا تھا۔



