سلم ڈاگ : اظہر اور روبینہ کو گھر مل گیا

روبینہ
،تصویر کا کیپشنجے ہو ٹرسٹ نے ابھی روبینہ کے لیے مکان تلاش نہیں کیا ہے
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

فلم سلم ڈاگ ملینئیر کے چائلڈ آرٹسٹ کے والدین نے حکومت کی جانب سے مہاڈا کا فلیٹ لینے سے انکار کر دیا ہے تاہم اظہر کی والدہ نے سلم ڈاگ کی جانب سے تیار کردہ ٹرسٹ ’جے ہو‘ کی جانب سے دیا گیا فلیٹ قبول کر لیا ہے۔ جے ہو ٹرسٹ نے ابھی روبینہ کے لیے مکان تلاش نہیں کیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعلٰی اشوک چوان نے ممبئی کے ملاڈ مالونی علاقے میں ایک سو اسی مربع فٹ کا مکان الاٹ کرنے کے کاغذات اظہر اور روبینہ کے والدین ے حوالے کیے۔ اس فلیٹ کی قیمت چار لاکھ چودہ ہزار دو سو روپے ہے۔

اس قیمت کا چیک بھی ان کاغذات کے ساتھ تھا۔ یہ فلیٹ مہاڈا کا تیار کردہ ہے اور بچوں کے اٹھارہ برس ہونے تک یہ مہاڈا کے نام ہی رہے گا۔ اس فلیٹ کی قیمت مہاراشٹر کانگریس پارٹی نے ادا کی ہے۔

اظہر کی والدہ شمیم نے یہ فلیٹ لینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو یہ فلیٹ ان کے شوہر کےنام سے منسوب کرنا چاہیے کیونکہ اظہر کےنام سے تو جےہو ٹرسٹ نے مکان دیا ہے لیکن انہیں اپنے بڑھاپے کے لیے علیحدہ مکان کی ضرورت ہے۔

روبینہ کے والد رفیق قریشی کے مطابق انہیں ملاڈ مالونی کی وہ جگہ پسند نہیں آئی ہے۔ رفیق نے ابھی مکان لینے سے انکار نہیں کیا ہے کیونکہ انہیں ابھی تک جے ہو ٹرسٹ کی جانب سے مکان نہیں ملا ہے۔

شمیم جنہوں نے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مہاڈا کا فلیٹ لینے سے انکار کر دیا ہے اس وقت بھی اسی میونسپل انتظامیہ کی زمین پر بنے گھر میں رہائش پذیر ہے جسے میونسپل انتظامیہ نے غیر قانونی ہونے کی وجہ سے منہدم کر دیا تھا۔

مہاڈا نے گھر الاٹ کرنے کے بعد سنیچر کو اظہر کی والدہ شمیم کو وہ جگہ خالی کرنے کا حکم دیا۔ شمیم کے مطابق مہاڈا کے لوگ آئے تھے اور انہوں نے جگہ خالی کرنے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جگہ خالی نہیں کی جائے گی تو وہ اسے منہدم کر دیں گے۔

روبینہ جن کا گھر ریلوے کی زمین پر بنا تھا اور جسے ریلوے انتظامیہ نے منہدم کیا تھا۔ انہیں بھی اسی طرح کی وارننگ دی گئی ہے۔

اظہر اور روبینہ کے والدین جو مہاڈا کے گھر میں جانا نہیں چاہتے اب گھر منہدم کرنے کی وارننگ سے پریشان ہیں اور وہ بھی ایسے وقت پر جب بارش کا موسم شروع ہونے کو ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ ایسا نہ ہو کہ سر چھپانے کے لیے چھت بھی نہ ملے۔

اظہر کو حکومت کے علاوہ جے ہو ٹرسٹ کی جانب سے ممبئی کے پوش علاقے سانتاکروز میں ایک فلیٹ دیا گیا ہے۔ اظہر اور روبینہ کے بے گھر ہونے کی خبریں پڑھنے کے بعد فلم کے ہدایت کار ڈینی بوئیل ہندستان آئے تھے اور انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ وہ دونوں بچوں کی زندگی سنوارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے البتہ کہا تھا کہ میڈیا نے اس معاملہ کو بے وجہ سنسنی خیز بنا دیا تھا۔ بوئیل نے اسی دوران کہا تھا کہ اظہر کے لیے مکان خرید لیا گیا ہے اور روینہ کے لیے مکان خریدنے کی کوشش جاری ہے۔