انڈیا: دہلی کا ’رابن ہُڈ‘ پکڑا گیا، پولیس کے مطابق وسیم اکرم ایک عادی مجرم ہے

دہلی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

انڈیا میں اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جسے دہلی کا 'رابن ہُڈ' کہا جاتا تھا اور جس پر الزام ہے کہ وہ 25 افراد کے ایک گینگ کا سرغنہ ہے۔

دارالحکومت دلی کی پولیس کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم نامی یہ شخص اور اس کا گروہ امیر لوگوں کے گھروں کو لوٹتا ہے، رقم اور زیورات چراتا ہے اور اس کا کچھ حصہ غریبوں میں بانٹ دیتا ہے۔

ڈزنی کی فلم کے برعکس اکرم اور ان کے گروہ پر الزام ہے کہ وہ اپنی لوٹ مار کا زیادہ تر حصہ اپنے پاس ہی رکھتے ہیں۔

پولیس کے مطابق وسیم اکرم، جنھیں لمبو بھی کہا جاتا ہے، جرائم کی 160 وارداتوں میں ملوث ہے جن میں اقدامِ قتل اور ریپ بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پولیس نے بتایا ہے کہ 27 سالہ وسیم اکرم کو پکڑنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم بنائی گئی تھی جو چار مہینوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آخر کار کامیاب ہوئی۔

پولیس کا الزام ہے کہ جون میں جب وسیم اکرم کو پکڑنے کی کوشش کی گئی تھی تو اس نے پولیس پر فائرنگ کر دی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ اس مرتبہ جب اسے گرفتار کیا گیا تو اس کے پاس سے ایک پستول برآمد ہوا جس میں تین گولیاں تھیں۔

پولیس کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق وسیم اکرم ایک عادی مجرم تھا جو ہر وقت اپنے ٹھکانے بدلتا رہتا تھا اور اس کے یہ ٹھکانے کئی ریاستوں میں تھے۔

پولیس کے مطابق اکرم کو مقامی بستیوں میں حمایت حاصل تھی کیونکہ وہ اپنی وارداتوں سے حاصل ہونے والے مال کا کچھ حصہ غریب لوگوں میں بانٹ دیتا تھا۔ اسی وجہ سے جب بھی پولیس چھاپے مارنے کے لیے آتی تو لوگ اسے پہلے ہی خبردار کر دیتے تھے۔ اتنے عرصے تک پولیس کے ہاتھ نہ آنے کی ایک وجہ یہی تھی۔