’عامر کے تارے پاکستانی زمین پر‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں کامیابی اور کئی ایوارڈ سمیٹنے کے بعد بالی ووڈ کی فلم مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ سنیچر کو پاکستان کے سولہ سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ خصوصی بچوں کے موضوع پر بنائی گئی یہ فلم بالی ووڈ کے سٹار اداکار عامر خان نے بطور ہدایت کار پہلی کاوش ہے۔ یہ فلم بھارت اور دنیا کے دیگر ممالک میں چند ماہ قبل نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی اور اس وقت انڈپنڈنٹ موویز نے اس فلم کی پاکستان میں نمائش کے لیے سنسر بورڈ سے رجوع کیا تھا مگر حکومت نے فلم کی عکس بندی ہندوستان میں ہونے کی وجہ سے اعتراضات کرتے ہوئے اسے سرٹیفیکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ تاہم اب جیو فلمز کی جانب سے اس فلم کی نمائش کی خصوصی اجازت حاصل کی گئی ہے اور اب سے کراچی، لاہور، راولپنڈی، حیدرآباد اور فیصل آباد سمیت پاکستان کے آٹھ شہروں میں عوام کی تفریح کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کراچی میں اس فلم کا ’ آفیشل‘ شو منعقد کیا گیا، جس میں عام لوگوں کی بھی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فلم دیکھنے کے لیے آنے والے افراد کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ اس فلم کو کیبل، ڈی وی ڈی اور سی ڈی پر دیکھ چکے ہیں تاہم بڑی سکرین پر دیکھنے کا شوق انہیں سنیما گھر تک کھینچ لایا ہے۔ پینتالیس سالہ غزالہ خان کا کہنا تھا کہ وہ پندرہ سال بعد سنیما میں کوئی فلم دیکھنے آئی ہیں۔ سات سالہ بہار کا کہنا تھا کہ وہ یہ فلم دیکھ چکی ہیں اور یہ انہیں بہت پسند آئی۔ اس لیے دوبارہ سنیما میں دیکھنے آئی ہیں۔
فلم کا ٹکٹ لینے کے لیے آنے والے محمد رفیق نامی شخص نے بتایا کہ بچوں کو سمجھنے اور انہیں سمجھانے کے لیے یہ فلم بہت اچھی ہے، اس لیے وہ اپنے بچوں کو سنیما میں یہ فلم دکھانا چاہتے ہیں، ویسے وہ یہاں بچوں کو کبھی نہیں لائے ہیں۔ عام لوگوں کے علاوہ کچھ اداکار بھی فلم دیکھنے کے لیے آئے، ان میں شبیر جان بھی شامل تھے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بھارتی فلموں سے مقامی فلمی صنعت متاثر نہیں ہوگی تو ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سنیماؤں میں بھارتی فلموں کی نمائش سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ پاکستان میں اچھی فلمیں بن ہی نہیں رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر دونوں طرف کے اداکاروں کو برابر شامل کیا جائے تو لوگ یہ دیکھنے ضرور آئیں گے کہ ہمارے اور وہاں کے اداکاروں میں سے کس نے اچھا کام کیا ہے۔ جس سے مقابلہ کا رجحان پیدا ہوگا‘۔ بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہونے کی وجہ سے فلم کی کئی روز تک ایڈوانس بکنگ بھی ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے سنیما گھروں میں اس وقت بھی بالی ووڈ کی دو فلمیں ’ویلکم‘ اور ’ریس ‘ زیر نمائش ہیں۔ جبکہ’یو، می اور ہم‘ نامی بولی ووڈ فلم کی نمائش جلد ہونے والی ہے۔ | اسی بارے میں ’تارے زمین پر‘، نمائش پر پابندی18 March, 2008 | فن فنکار فلم فيئر ایوارڈ:تارے زمین پر کے نام24 February, 2008 | فن فنکار عامر کی فلم کو ملے پانچ ایوارڈ11 January, 2008 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||