ریاض مسرور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر |  |
 | | | فریدہ خانم کی گائیکی کو شائقین نے بہت پسند کیا |
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں منعقد ہونے والے’عالمی صوفی فیسٹِول‘ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں پاکستان کی فریدہ خانم کے علاوہ مصر اور دیگر ممالک کے فنکاروں نے شرکت کی ہے۔ اسّی سالہ فریدہ خانم کو بھارتی حکومت کے زیرِ اہتمام سرینگر میں تین روزہ ’عالمی صوفی فیسٹِول‘ میں شرکت کے لیے خاص طور پر مدعو کیا گیا ہے اور گزشتہ ساٹھ سال میں فریدہ پاکستان کی پہلی گلوکارہ ہیں جنہیں حکومت ہند نے کشمیر میں اپنے فن کا مظاہر کرنے کے لیے مدعو کیا ہے۔ فیسٹِول میں مصر اور دیگر ممالک سے آنے والے فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ مصری فنکاروں نے مخصوص عرب رقص اور موسیقی پیش کر کے خوب داد تحسین حاصل کی جبکہ معروف کشمیری گلوکار عبدالرشید حافط نے روایتی چھکری اور روف پیش کرکے محفل کی رونق کو دوبالا کر دیا۔ عالمی صوفی فیسٹِول کے موقع پر انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز کے سربراہ ڈاکٹر کرن سنگھ نے اعلان کیا اس طرز کے صوفی فیسٹِول ہندوستان اور پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد نے اپنی تقریر میں کہا کہ’پاکستان سے معروف گلوکار وادی آنے لگے ہیں، دیواریں گرنے لگی ہیں۔امن تو ابھی مکمل طور پر قائم نہیں ہوا ہے، لیکن امن عمل جاری ہے‘۔ وزیراعلٰی نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثقافتی تبادلوں پر زور دیا اور کہا کہ ایسی محفلوں کے انعقاد سے غلط فہمیوں کی دیواریں خود بخود گرجاتی ہیں۔ ریاست کے گورنر ایس کے سنہا نے ’صوفی فیسٹِول‘ کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ’یہ کشمیر کے ہندو اور مسلم شہریوں کے درمیان رواداری اور آپسی بھائی چارہ کو مضبوط کرنے کا باعث بنے گا‘۔ |