ایمسٹرڈیم، انڈین فلمی میلہ شروع | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی فلم انڈسٹری کے چھٹے انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب اس سال نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم میں منعقد کی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے یہ تقاریب برطانیہ، جنوبی افریقہ، ملیشیا اور سنگاپور میں ہو چکی ہیں۔ انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی کے یہ ایوارڈز سن 2000 میں صرف ایک انعام تقسیم کرنے کی تقریب سے شروع ہوئے۔ لیکن اب انہوں نے تین روزہ فلم فیسٹیول کی صورت اختیار کر لی ہے۔ ایمسٹرڈیم میں بالی وڈ کے ستارے جگمگانا شروع ہو گئے ہیں۔ امیتابھ بچن، جیا بچن اور ابھیشیک بچن، کرینا کپور اور شاہد کپور، ارملا متوندکر، کرینا کپور ایمسٹرڈیم کی سڑکوں پر گھومتے پھرتے نظر آنے لگے ہیں اور ان کے متوالے ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب گھنٹوں ان کے ہوٹل کے باہر دھرنا جمانے لگے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی فلمی ستاروں کو دیکھنے کے خواہش مند صرف بھارتی نژاد افراد یا ان کی اولادیں ہی نہیں۔ ان ستاروں کے مداح پوری دنیا میں ہیں۔ بالی وڈ کے ستاروں کے ہوٹل دی گرینڈ کے باہر اپنی دو بہنوں کے ساتھ دن بھر کھڑی رہنے والی حینن ایلبونی کا تعلق مراکش سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہندی فلمیں دیکھ دیکھ کر کچھ کچھ ہندی بولنی بھی سیکھ لی ہے۔ اور وہ اپنی پسند کے ستاروں کو قریب سے دیکھنے کے لیے نہ صرف ایوارڈز کی تقریب میں جائیں گی بلکہ انہوں نے کافی رقم خرچ کر کے وی آئی پی ٹکٹ خریدے ہیں تاکہ سب سے آگے بیٹھیں۔ سب لوگ حینن کی طرح خوش قسمت تو نہیں کہ وی آئی پی ٹکٹ خرید سکیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ان ستاروں سے ملنے کو بے تاب نہیں۔ تین دن کے اس ایوارڈ ویک اینڈ میں بھارتی فلم ’پرینیتا‘ کا پریمئیر ہوگا۔ اس کے علاوہ شاہ رخ خان اور سنیل سیٹھی کی کپتانی میں ایک کرکٹ میچ بھی ہوگا۔ جس میں نہ صرف بڑے بڑے اداکار مثلاً امیتابھ بچن، انیل کپور، ہرتک روشن، سیف علی خان، ابھیشیک بچن اور سنجے دت وغیرہ کھیلیں گے بلکہ اداکارائیں بھی کسی سے پیچھے نہیں رہیں گی اور ایشوریا رائے، ماہیما چوہدری، کرینا کپور وغیرہ بھی اس میچ میں حصہ لیں گی۔ فلمی ستاروں کے علاوہ کرکٹ کی دنیا کے بڑے نام انیل کمبلے، اراوندا ڈی سلوا اور اظہر الدین بھی کھیل میں شامل ہونگے۔ اس فلم فیسٹیول میں پچیس فلمیں دکھائی جا رہی ہیں جن میں بلیک، دل چاہتا ہے، ہم تُم، ہیرا پھیری اور دھوم جیسی فلمیں شامل ہیں۔ فلمی ستاروں کے علاوہ پروڈیوسرز ، ڈائریکٹرز اور فلمی صنعت سے متعلق دیگر لوگ بھی ایمسٹرڈیم میں نظر آئیں گے جن میں یش چوپڑا، اے آر رحمٰن اور جاوید اختر کے نام سر فہرست ہیں۔ انٹرنیشنل فلم اکیڈمی کے ایوارڈز کی ماضی کی تقاریب میں بھارتی فلمی صنعت سے وابستہ لوگوں کے علاوہ بھی عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے جن میں ہالی وڈ کی اداکارہ اینجیلینا جولی اور اداکار جیکی چین، آسٹریلوی گلوکارہ کائیلی منوگ کے علاوہ بو ڈیرک اور میرینڈا رچرڈسن جیسے نام شامل ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||