 | | | مارٹن سکورسیز کو اس سال ’دی ڈیپارٹڈ‘ پر آسکرایوارڈ ملا ہے |
آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایتکار مارٹن سکورسیز ایک نئے ادارے کے لیے سرگرم ہیں جس کا مقصد انگریزی کے علاوہ دیگر زبانوں میں بننے والی اچھی فلموں کو بچانا ہے۔ ریجنگ بُل (Raging Bull)، ٹیکسی ڈرائیور (Taxi Driver) اور دی ڈیپارٹڈ (The Departed) جیسی شاہکار فلموں میں ہدایات دینے والے مارٹ سکورسیز نے اس مقصد کے لیے کانز فلم میلے کے موقع پر جس ادارے کے قیام کا اعلان کیا اس کا نام ورلڈ سینما فاؤنڈیشن رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کا بنیادی مقصد ترقی پذیر ممالک کی فلموں کو بچانا ہوگا۔ ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے مارٹن کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو کئی شاہکار غیر ملکی فلمیں ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائیں گی۔ چھاسٹھ سالہ ڈائریکٹر نے کہا ’ میں نیویارک کے غریب گھرانے میں پیدا ہوا، میرے والدین پڑھے لکھے نہیں تھے اس لیے انہیں کبھی کتابیں پڑھنے کی عادت بھی نہیں تھی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ میں نے ٹی وی پر بہت سی فلمیں دیکھ لیں۔ان فلموں نے میرے سامنے ایک نئی دنیا کھول دی اور میں کئی مختلف تہذیبوں سے متعارف ہو گیا۔ اور میرا خیال ہے ایسا باقی دنیا میں بھی ہو رہا تھا۔‘ کانز میں فلم کی دنیا کی دیگر شخصیات نے بھی مارٹن سکورسیز کے خیال کی تائید کی جن میں برطانوی فلم دی کؤین (The Queen) کے ہدایتکار فریئرز اور چینی ڈائریکٹر وانگ کار وائی بھی شامل تھے جنہوں نے مائی بلو بیرا نائٹس (My Blueberry Nights) میں ہدایات دی تھیں۔ |