کِڈمن، خیر سگالی کے لئے کوسوو میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہالی ووڈ کی مشہور فلمی اداکارہ نِکول کِڈمن اقوامِ متحدہ کی خیرسگالی کی سفیر کے طور پر کوسوو کا دورہ کر رہی ہیں۔ کِڈمن ہفتے کو پرسٹینا پہنچیں تو ہوٹل جاتے ہوئے، سینکڑوں مداح ان کے راستے میں جمع ہو گئے۔ کوسوو میں اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں یہاں یہ جاننے آئی ہوں کہ میں موجودہ اور آئندہ آنے والے مشکل حالات میں آپ کے ملک کی کیسے مدد کر سکتی ہوں۔‘ انتیس سالہ نِکول کِڈمن اس سال کے آغاز میں اقوامِ متحدہ کے خواتین سے متعلق ترقیاتی فنڈ، یونیفیم، کی خیرسگالی کی سفیر مقرر ہوئیں تھیں۔ اس تقرری کے بعد یہ ان کا پہلا عالمی دورہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’کوسوو کے لوگوں سے مل کر ان کے حالاتِ زندگی کے بارے میں سننا چاہتی ہوں۔ ان کے بارے میں اپنے علم میں اضافہ کرنا چاہتی ہوں تاکہ اگر انہیں میری ضرورت پڑے تو میں ان کے حقوق کے لئے آواز بلند کر سکوں۔‘ کوسوو میں نِکول کِڈمن یاکو وِچا گاؤں کا دورہ کریں گی۔ انیس سو اٹھانوے اور ننانوے کی کشیدگی کے دوران اس گاؤں سے ایک ہزار کے قریب مرد لاپتہ ہو گئے تھے۔ بین الاقوامی قوانین کے تحت کوسوو سربیا کا صوبہ ہی رہے گا تاہم انیس سو نناوے میں سربیا کی فوج کے نکلنے کے بعد سے اس کا انتظام اقوامِ متحدہ نے سنبھال رکھا ہے۔ سربیا کی فوج کے زبردستی انخلاء سے کوسوو میں البانوی باشندوں کے قتلِ عام کا سلسلہ ختم ہوا تھا جو کہ خودمختاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اقوامِ متحدہ کے خواتین سے متعلق ترقیاتی فنڈ، یونیفیم، نے کوسوو میں جنگ کے خواتین پر اثرات اور تعمیرِنو میں ان کے کردار کے حوالے سے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔ | اسی بارے میں نکول کڈمین پھر دلہن بن گئیں26 June, 2006 | فن فنکار نکول کڈمین سفیر کے روپ میں01 May, 2004 | فن فنکار ہالی وڈ اقوامِ متحدہ میں01 February, 2004 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||