منگل پانڈے لوکارنوفیسٹیول میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
منگل پانڈے ،دی رائزنگ ، جس کا بولی وڈ شائقین کوایک طویل عرصہ سے انتظار ہے ، اگست میں ریلیز کے لیے تیار ہے لیکن اس سے پہلے اس کی نمائش لاکارنو فلم فیسٹیول میں تین اگست کو ہوگی۔ منگل پانڈے سے پہلے چار سال قبل عامر خان کی ہی فلم لگان کی نمائش ہوئی تھی اور وہ فلم آسکر ایوارڈ کے لیے بعد میں نامزد بھی ہوئی تھی۔ منگل پانڈے کی نمائش اس سے پہلے کانز فلمی میلے میں بھی ہو چکی ہے جہاں غیر ملکی ڈسٹری بیوٹرز نے اسے کافی سراہا تھا۔فلم کی تشہیر دہلی میں منعقد ایک پروگرام سے ہو گی جس میں فلم کے تمام ستارے حصہ لے رہے ہیں۔ فلم کی کہانی سن اٹھارہ سو ستاون کی جنگ آزادی (غدر ) پر مبنی ہے ۔اس میں حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار سپاہی منگل پانڈے کا کردار عامر خان نے ادا کیا ہے ان کے ساتھ رانی مکھرجی اور امیشا پٹیل ہیں۔ امیشا جوالا بنی ہیں اور اس دیہاتی لڑکی کو کیپٹن ولیم کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ جس طرح لگان میں فلم کی ضرورت کے پیش نظر برطانوی اداکاروں کو لیا گیا تھا اس فلم میں بھی برطانوی اداکار ٹوبی اسٹیفنز ہیں جو کیپٹن ولیم گورڈن بنے ہیں ۔ اس تاریخی فلم کے پروڈیوسر بوبی بیدی ہیں اور فلم کی ہدایت کیتین مہتہ نے دی ہے۔ فلم میں انگریزوں کا وہ دور دکھایا گیا ہے جب وہ بھارت پر حکمران تھے اور اٹھارہ سو ستاون میں انگریزوں کے چنگل سے نکلنے کے لیے لڑائی لڑی گئی تھی جو ناکام ہو گئی تھی۔ اس فلم کا مہورت کلیپ برطانیہ کے شہزادہ چارلس کے ہاتھوں ہوا تھا۔ فلم میں کردار کی مناسبت سے عامر نے بڑی بڑی مونچھیں اور لمبے بال رکھے تھے اس گیٹ اپ کو انہوں نے فلم کی تکمیل کے تمام مراحل کے پورا ہونے تک رکھا جس کی وجہ سے انہوں نے اس دوران کوئی اور فلم سائن نہیں کی۔ عامر کا یہ گیٹ اپ اتنا مقبول ہوا کہ اس کے بعد کئی اداکاروں نے اپنی فلموں میں مونچھیں رکھیں اور لوگوں نے انہیں پسند کیا۔ فلم کی تشہیر کرنے والی کمپنی کے ترجمان کے مطابق ممبئی میں فلم کی نمائش یوم آزادی یعنی پندرہ اگست کے روز ہو گی ۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||