| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
شہزادہ چارلس، عامر خان اور بھارتی فلم
برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس نے اپنے دورہ بھارت کے دوران بالی وڈ کی ایک فلم کی شوٹنگ کا افتتاح کیا ہے۔ شہزادہ چارلس نے ممبئی کے ایک ہوٹل میں فلم ’دی رائزنگ‘ کے سیٹ پر باقاعدہ کلیپر بورڈ چلاتے ہوئے کہا ’دی رائزنگ، ٹیک ون، شروع!‘۔ ہدایت کار کیتن مہتا کی فلم اٹھارہ سو ستاون میں ہندوستان میں برطانوی فوج کے خلاف ہونے والی بغاوت کے بارے میں ہے جسے بیشتر ہندوستانی ’جنگ آزادی‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ فلم کا مرکزی کردار باغی سپاہی منگل پانڈے ہے اور فلم میں ان کی برطانوی کمانڈر سے دوستی کی کہانی بھی بیان کی گئی ہے۔ منگل پانڈے کو بغاوت میں حصہ لینے کے جرم میں سزاِہ موت دی گئی تھی۔
پرنس چارلس فلم کے سیٹ پر تقریباً بیس منٹ رہے جس دوران عامر خان اور ٹوبی سٹیونز کے ایک سین کو فلمایا گیا۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ شہزادہ چارلز سے گفتگو کے دوران انہیں اندازہ ہوا کہ وہ ہندوستان کی تاریخ اور خاص طور پر اٹھارہ سو ستاون کے واقعات سے اچھی طرح واقف تھے۔ ’انہوں نے کہانی اور کردار کے بارے میں مجھ سے کئی سوالات کئے اور ان کی باتوں سے ظاہر ہوا کہ ان کو اس دور کی تاریخ کے بارے میں کافی کچھ پتہ تھا۔‘ شہزادہ چارلس بھارت کے نو روزہ دورے پر ہیں۔ اس دورے میں ان کی کارروائیوں کا تعلق ماحولیاتی امور اور تہذیبی و تاریخی ورثے سے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||