 |  بچہ گاڑی بنا ہیڈ لائٹس کے چلا رہا تھا۔ |
امریکہ کی ریاست مشی گن میں پولیس نے بتایا ہے کہ اس نے ایک چار برس کے بچے کو اپنی ماں کی کار چلاتے ہوئے پکڑ لیا۔ یہ بچہ پولیس کی نظر میں آنے سے پہلے کار کوچلا کر اپنے گھر کے قریب ایک ویڈیو سٹور تک لے جانے میں کامیاب رہا۔ واشنگٹن سے بی بی سی کے ایک نامہ نگار نے بتایا ہے کہ ریاست مشی گن کے ایک چھوٹے شہر سینڈ لیک میں رات کے ڈیڑھ بجے کے قریب پولیس کے ایک سارجنٹ نے بظاہر بنا ڈرائیور کے ایک کار کو سڑک پر چلتے دیکھا۔ اگرچے بچے کے پاؤں ایکسلیٹر تک نہیں پہنچ پائے لیکن اس نے کامیابی سے کار کو گئیر میں ڈال دیا اور کار کے انجن کی ساکت سپیڈ ہی اس کو ویڈیو سٹور تک لے گئی لیکن اس دوران کار دو کھڑی ہوئی ہوئی گاڑیوں سے ہلکا سا ٹکرائی اور پولیس کی ایک کار کو بھی ٹکرائی جس سے پولیس سارجنٹ کو علم ہوا کے کار کون چلا رہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بچے کو اصل میں گاڑی چلانا خود اس کی ماں نے اپنی گود میں بٹھا کر سکھایا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی مقدمہ قائم نہیں کیا جائے گا۔ |