زیٹا جونز ایک اور مقدمے میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہالی وڈ کی برطانوی نژاد مشہور برطانوی اداکارہ کیتھرین زیٹا جونز نے ایک ٹاپ لیس کیبرے کلب کے خلاف یہ الزام عائد کرتے ہوئے درخواست دائر کی ہے کہ کلب نے اپنی ویب سائٹ پر شائع کردہ ایک تصویر میں کیتھرین کو ایک نیم برہنہ خاتون کے ہمراہ دکھایا ہے۔ کیتھرین زیٹا جونز کا کہنا ہے کہ نیواڈا میں واقع ’دی سپائس آف رینو‘ نامی کلب نے ان کی اجازت کے بغیر ہی تصویر کو اشتہاری مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔ کیتھرین نے لاس اینجلس کی ضلعی عدالت میں کلب کے مالکان کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔
کلب پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے اپنی ویب سائٹ کے متعدد صفحات پر کیتھرین کی تصاویر شائع کی ہیں جس کی وجہ سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کلب اور اس کے مالکان کو کبھی بھی اپنی تصاویر شائع کرنے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے عدالت سے ہرجانے اور تصاویر کے آئندہ استعمال پر پابندی عائد کیے جانے کی استدعا کی۔ کیتھرین ایک اور بھی مقدمے میں ملوث ہیں جس میں ڈانیٹ نائٹ نامی ایک خاتون پر الزام ہے کہ وہ انہیں ہراساں کرنے کے علاوہ دھمکیاں بھی دے رہی تھی۔ ڈانیٹ نائٹ نے تمام الزامات کی تردید کی ہے جن میں کیتھرین کو ایک مرتبہ ہراساں کرنے اور چوبیس مواقع پر دھمکیاں دینے کے الزامات شامل ہیں۔ ڈانیٹ نائٹ جون سے حراست میں ہیں اور ان کے خلاف نومبر میں عدالتی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||