سری نگر میں انٹرنیشنل کنسرٹ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اداکارہ میرا اور پاکستانی نژاد سمیعہ ملک فنکاروں کے اس بین الاقوامی طائفہ کا حصہ ہیں جو بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔ اداکارہ میرا آج کل بمبئی میں ہیں جہاں وہ مہیش بھٹ کی فلم ’نظر‘ کی عکس بندی میں شرکت کر رہی ہیں۔ بی بی سی اردو ڈاٹ کام سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے انٹرنیشنل کنسرٹ میں شرکت کرنے سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کی تصدیق کی اور کہا کہ کنسرٹ کے منتظمین کے مقاصد سے متفق ہیں اور اسی لیے کنسرٹ میں شرکت کے لیے سرینگر جا رہی ہیں۔ سمیعہ لندن میں رہتی ہیں اور بدھ کی صبح سری نگر پہنچی ہیں جہاں وہ جمعرات کی شام اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔
اس گروپ میں بھارت کی مایاناز ڈانسر ملکہ سارابھائی بھی شامل ہیں۔ جبکہ دو ڈانسرز امریکہ اور اٹلی سے بھی آئے ہیں۔ یہ سری نگر میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ جس کے بعد جمعہ کے روز فنکار جموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ یہ طائفہ بھارت کے دس شہروں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔ جس کے بعد یہ فن کار بنگلہ دیش جائیں گے۔ پروگرام کی تھیم ہے ’حقوق انسانی اور خواتین کے مسائل‘۔
اس پروگرام کا اہتمام ملکہ سارابھائی کی احمدآباد میں قائم ’درپنا اکیڈیمی‘ نے کیا ہے۔ سارابھائی کہتی ہیں: ’اب وقت آگیا ہے کہ لوگ قومیتوں کو پس پشت ڈال کر حقوق انسانی اور خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف صف آرا ہوجائیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں تک آرٹ کے واسطے سے پہنچا جائے۔ ہم یہ پیغام دنیا کے ہر کونے میں لے کر جائیں گے۔‘ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||