مہیش کی ’نگاہیں‘ میں میِرا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ وہ مہیش بھٹ کی فلم نگاہیں کی شوٹنگ کے لئے جلد ہندوستان روانہ ہو رہی ہیں۔ بی بی سی اردو ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہیش بھٹ کی فلم میں ان کے مقابل ہیرو جان ابراہیم ہیں جبکہ دیگر فنکاروں میں امیتا بھ بچن اور اکشے کار شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلم نگاہیں کی شوٹنگ مئی تک مکمل ہونا ہیں اور انہیں پیتالیس دن اس فلم کی شوٹنگ کے لئے مخصوص کرنا ہیں۔ میرا آج کل ایک بڑے بجٹ کے ڈرامہ سیریل انارکلی کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ مصنف اور شاعر احمد روبی کے لکھے ہوئے اس ڈرامے میں وہ انارکلی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ڈرامے کی پروڈیوسر آفرین بیگ کا کہنا ہے کہ ڈرامے کا پچپن فیصد کام جو لاہور کے تاریخی مقام شاہی حمام میں فلم بند ہونا تھا مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی کام جلد ہی شاہی فلعے میں شروع کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی گلوکاراؤں الکا یادنک اور کویتا کرشنامورتی کا آواز میں انارکلی کے آٹھ گانوں کی ریکارڈنگ کے لئے اگلے ہفتے ہیں ہندوستان روانہ ہو رہی ہیں۔
اداکارہ میرا انارکلی کے علاوہ کسی بھی دیگر فلم یا ڈرامے کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لے رہیں۔ ’میں آج کل پاکستان کے بارے میں نہیں سوچ رہی، میرا مقابلہ اب یہاں کسی کے ساتھ نہیں، میں اب بین الاقوامی مارکیٹ کے بارے میں سوچ رہی ہوں۔ ’میرا مقابلہ اب ایشوریا رائے اور مادھوری ڈکشٹ کے پائے کی اداکاراؤں کے ساتھ ہے، میں کوشش کروں گی کہ اپنا معیار قائم رکھوں اورمجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس پر پورا اتروں۔ ’انارکلی اور نگاہیں میں اداکاری کے ذریعے میں ثابت کروں گی کہ میں کسی طرح بھی ایشوریا، مادھوری ڈکشٹ یا کرینہ کپور سے کم نہیں ہوں۔ ’بالی وڈ میں کامیابی کے لئے میں ان سپر سٹارز کی سطح پر جاکر کام کروں گی۔ لیکن میری کسی طرح بھی یہ خواہش نہیں ہے کہ میں ان جیسا بنوں۔ میں اپنی ایک شناخت الگ شناخت بنانا چاہتی ہوں تاکہ لوگ میرے فنی جوہر کا اقرار کریں۔‘ یادرہے کہ ہندوستانی فلمساز و ہدایت کار مہیش بھٹ نے اپنے حالیہ دورہ کراچی کے موقع پر میرا کو اپنی فلم نگاہیں کے مرکزی کردار کے لئے سائن کیا تھا۔ ان کے اس اقدام کو پاک ہند ثقافتی تعاون کی اولین اینٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||