 |  ساٹھ کی دہائی میں جان لینن دیوانگی کی حد تک مقبول تھے۔ |
نیویارک میں کوڑے کے ایک ڈھیر سے ملنے والا ایسا گٹار جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ ساٹھ کی دہائی کے مشہور گلوکار جان لینن کا ہے، ایک نیلامی میں تیرہ لاکھ ڈالر کی قیمت کے ساتھ فروخت کے لئے رکھا گیا ہے۔ بیِٹل گروپ کے سٹار جان لینن کے اس گٹار پر ان کی تصویر بھی بنی ہوئی ہے اور یہ امریکی نیلامی کی ویب سائٹ مومنٹ ان ٹائم ڈاٹ کام پر نیلامی میں رکھا گیا ہے۔ لینن نے یہ گٹار انیس سو ستر میں ایک دوست کو دیا تھا جو بعد میں اس کے سسرال والوں کے ہاتھ لگ گیا اور بعد میں اسے پھینک دیا گیا۔ ایک شخص نے جسے اس گٹار کے بارے میں علم تھا انیس سو اکیاسی میں اسے ڈھونڈلیا۔ اس گٹار پر جان لینن ان کی بیوی یوکو اور بیٹے شون کی سالگرہ کی تاریخیں بھی کندہ ہیں۔ انیس سو چھیاسی میں ایک ٹی وی شو میں لینن کی بیوی یوکو نے اس گٹار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس پر ایسے بہت سے نشانات اور تصویریں بنی ہوئی ہیں جن کا میرے اور جان کے علاوہ کسی اور کے لئے کوئی مطلب نہیں ہے۔ |