| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بچوں کی میڈونا
مشہور پاپ گلوکارہ میڈونا اب مصنف بن گئیں ہیں۔ ان کی بچوں کے لئے لکھی گئی کہاینوں کی کتابوں کے سلسلے کے پہلے شمارے کا اجرا لندن میں ایک ٹی پارٹی میں ہو رہا ہے۔ لندن میں اجراء کے ایک روز بعد کتاب دنیا کے مختلف ممالک میں جاری کی جائے گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ’انگلش روزِز‘ کا شمار اس سال کی سب سے بڑی کتابوں میں ہوگا۔ یہ کتاب تیس زبانوں میں تقریباً ایک سو ممالک میں شائع کی جا رہی ہے۔ انگلِش روزز چھ سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے ان پانچ کتابوں میں پہلی ہے، جنہیں لکھنے کا میڈونا نے ناشر پینگوئن کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ ہر کتاب پرانی عبرانی تحریروں پر مبنی ہے اور ہر ایک میں کسی نامور فنکار کی تصاویر استعمال کی جائیں گی۔ اجراء کے بعد تقریباً دس لاکھ کتابیں دنیا بھر میں فروخت کے لئے دستیاب ہوں گی۔ امریکی ناشر کیلوے اڈیشنز کا کہنا ہے کہ یہ ’کتابوں کی تاریخ میں کئی زبانوں میں بیک وقت شائع ہونے والی ایک کثیر الاشاعت کتاب ہوگی۔‘
کہانی ان چار گیارہ سالہ دوستوں کے بارے میں ہے جو سب پڑوس میں رہنے والی ایک لڑکی سے تھوڑا جلتے ہیں۔ میڈونا کا کہنا ہے کہ اِن کتابوں کا خیال انہیں اپنی کبالہ کی استاد سے آیا، جنہوں نے کہا کہ وہ ان کی (میڈونا کی) روحانی ہم خیال ہیں۔ میڈونا نے کہا کہ ’اپنے بچوں کو پڑھ کر سنانا، انہیں زندگی، محبت اور خوشی کی جستجو کے بارے میں دو ایک چیزیں سکھانے کا اچھا موقع تھا۔ دنیامانے یا نہ مانے میرے لئے میری بیٹی کی منظوری سب سے اہم ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا ’اگر زیر تحریر کتاب کو پڑھ کر سنانے کے وقت میری بیٹی سو جاتی یا پھر کسی دوسری کتاب کی طرف ہاتھ بڑھاتی تو مجھے معلوم ہوتا کہ میرا کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔‘ میڈونا کی ایک چھ سالہ بیٹی اور دو سال کا بیٹا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |