فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں فواد خان اور ایشوریہ بھی

رنبیر کپور اور انوشکا شرما کے بعد فواد خان اور ایشوریہ رائے کو بھی فلم اے دل ہے مشکل میں شامل کیا گيا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنرنبیر کپور اور انوشکا شرما کے بعد فواد خان اور ایشوریہ رائے کو بھی فلم اے دل ہے مشکل میں شامل کیا گيا ہے

بالی وڈ کے معروف فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر نے اپنی آنے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھارتی اداکارہ ایشوریہ رائے اور پاکستانی اداکار فواد خان کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

کرن جوہر تین سال کے بعد ایک بار پھر سے ہدایت کاری کے میدان میں واپس آئے ہیں اور انھوں نے یہ اعلان ٹوئٹر پر کیا ہے۔

ان کی ہدایت میں بننے والی آخری فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ تھی جو سنہ 2012 میں آئی تھی اور کامیاب ہوئی تھی۔

اداکارہ عالیہ بھٹ، سدھارتھ ملہوترا اور ورون دھون کو اسی فلم سے لانچ کیا گیا تھا۔

کرن کی مجوزہ فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں ایشوریہ رائے، رنبیر کپور، انوشکا شرما اور فواد خان اہم کردار ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ ’اے دل ہے مشکل‘ کے متعلق رنبیر کپور اور انوشکا شرما کے ناموں کا اعلان پہلے ہی کر دیا گيا تھا۔

’اے دل ہے مشکل میں‘ رنبیر کپور ’امت‘ اور انوشکا ’الیزہ‘ کا کردار ادا کریں گی۔ جبکہ سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے ’سبا‘ تالیارخان اور فواد خان ’علی‘ کا کردار ادا کریں گے۔

فواد خان کی ایک فلم کپور اینڈ سنز 18 مارچ کو ریلیز ہو رہی ہے جس میں عالیہ بھٹ بھی ہیں
،تصویر کا کیپشنفواد خان کی ایک فلم کپور اینڈ سنز 18 مارچ کو ریلیز ہو رہی ہے جس میں عالیہ بھٹ بھی ہیں

کرن اس فلم کو دھرما پروڈکشنز کے بینر کے تحت دیوالی پر ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اسی پروڈکشن کی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ 18 مارچ جمعے کو ریلیز ہونے والی ہے جس میں فواد خان، عالیہ بھٹ اور سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ نظر آئیں گے۔

فواد نے بالی وڈ میں فلم ’خوبصورت‘ سے قدم رکھا تھا لیکن انھیں پاکستانی فلم ’خدا کے لیے‘ سے شہرت ملی تھی۔

’اے دل ہے مشکل‘ میں محبت کی مثلث نظر آ سکتی ہے لیکن 18 مارچ کو ریلیز ہونے والی فلم میں اس بات سے انکار کیا گيا ہے۔

مجوزہ فلم میں انوشکا شرما اور رنبیر کپور پہلے سے ہی ہیں

،تصویر کا ذریعہPhantom

،تصویر کا کیپشنمجوزہ فلم میں انوشکا شرما اور رنبیر کپور پہلے سے ہی ہیں

دریں اثنا فلم ناقدین کا کہنا ہے کہ دیوالی پر ایک دوسری بڑی فلم کے ریلیز ہونے کے سبب اس فلم کو زبردست مقابلے کا سامنا ہوگا۔

ایسے میں اس بات کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ کرن جوہر ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز موخر کر سکتے ہیں۔

دیوالی پر اجے دیوگن کی فلم ’شواي‘ بھی ریلیز ہو رہی ہے جسے اجے نہ صرف بنا رہے ہیں بلکہ وہ اس فلم کے ہدایت کار بھی ہیں اور بطور اداکار بھی وہ اس میں نظر آئیں گے۔

بہر حال کرن جوہر نے ٹوئٹر پر ہی بتایا ہے کہ وہ اپنی فلم دیوالی کے موقعے پر ہی ریلیز کریں گے۔