کرن جوہر ولن بن کر ’نروس‘ ہیں

کرن یہ سوچ کر پریشان ہیں کہ فلم میں ان کے منفی کردار کو ناظرین کیسے ہضم کریں گے

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY

،تصویر کا کیپشنکرن یہ سوچ کر پریشان ہیں کہ فلم میں ان کے منفی کردار کو ناظرین کیسے ہضم کریں گے

بالی وڈ کے مشہور فلمساز اور ہدایت کار کرن جوہر فلمی پردے پر ایک ولن کے کردار سے اپنی اداکاری کا باقاعدہ آغاز کر رہے ہیں اور اس کردار کے بارے میں وہ ’نروس‘ بھی ہیں۔

کیزاد نامی یہ کردار ہدایت کار انوراگ کشیپ کی فلم ’بامبے ویلوٹ‘ میں ہے۔

یہ پہلا موقع ہے جب کرن کسی فلم میں کوئی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے وہ مشہور فلم ’دل والے دلھنيا لے جائیں گے‘ میں ایک مختصر کردار میں نظر آئے تھے۔

کرن یہ سوچ کر پریشان ہیں کہ فلم میں ان کے منفی کردار کو ناظرین کیسے ہضم کریں گے۔

کرن نے میڈیا سے بات چیت میں کہا، ’میں اس بارے میں حقیقتاً بہت نروس ہوں، کیونکہ اداکاری کے میدان میں یہ میرا پہلا قدم ہے۔‘

فلم کی شوٹنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’میں سیٹ پر نخرے نہیں کر سکتا تھا۔ انوراگ ایسے انسان نہیں ہیں، جنھیں ناز نخرے دکھا کر اپنی بات منوائي جا سکے۔‘

رام لکھن کا ری میک

کرن جوہر اس بات سے خوش ہیں کہ ان کی آنے والی فلم ’رام لكھن‘ میں لوگ ابھی سے دلچسپی لے رہے ہیں۔

کرن کی یہ فلم سال 1989 میں آنے والی سبھاش گھئی کی فلم ’رام لكھن‘ کا ری میک ہے اور کرن اسے روہت شیٹی کے ساتھ مل کر بنا رہے ہیں۔

فلم کے بارے میں میڈیا میں خبریں ہیں کہ اس میں سدھارتھ ملہوترا، فواد خان اور عاليہ بھٹ کو سائن کیا گیا ہے۔

تاہم کرن جوہر نے واضح کیا ہے کہ اس فلم کی سٹار کاسٹ نے طے نہیں ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا، ’رام لكھن کی کاسٹنگ پوری ہوتے ہی میں نے سب کو بتاؤں گا لیکن فی الحال کچھ بھی فائنل نہیں ہوا ہے۔‘