’کرن ارجن‘ کی دوستی اور کنگنا کی تلخ حقیقت

بالی وڈ میں ہمیشہ لوگوں کی نظر رشتوں کے نشیب و فراز پر ہوتی ہے
،تصویر کا کیپشنبالی وڈ میں ہمیشہ لوگوں کی نظر رشتوں کے نشیب و فراز پر ہوتی ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بالی ووڈ کی دوستیاں ہوں یا عشق و محبت کی خبریں، کیا حقیقت ہے اور کیا فسانہ یہ طے کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ شوبز میں اکثر اس طرح کی خبریں اور افواہیں فلم کی پبلیسٹی سے جڑی ہوتی ہیں۔

اب چاہے وہ فلمساز ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائکہ اروڑہ خان کے درمیان علیحدگی کی خبریں ہوں یا فرحان اختر اور ادیتی اروڑہ کے درمیان مبینہ عشق کی افواہیں!

بحر حال انڈسٹری کے دو بڑے خانوں کے درمیان جہاں دشمنی کا بگل بجتا رہتا تھا اب دوستی کے ڈھول بجنے لگے اور یہ دوستی اب اتنی گہری ہوگئی کہ دونوں ہی اپنی بڑی فلمیں سلمان خان کی ’سلطان‘ اور شاہ رخ خان کی ’رئیس‘ عید کے موقع پر ایک ساتھ رلیز کرنے کے لیے تیار ہیں۔

دونو ں ایک دوسرے کی فلم کو پروموٹ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ اب اسی ہفتے شاہ رخ خان اچانک سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ کے سیٹ پر پہنچ گئے۔ دونوں بغل گیر ہوئے اور میڈیا میں دونوں کی تصویر نے دھوم مچا دی۔

اب معلوم نہیں کہ انڈسٹری کے یہ ’کرن ارجن‘ واقعی اچھے بچوں کی طرح گہرے دوست بن گئے ہیں یا پھر یہ بھی ان کی فلمی پروموشن کا ایک نیا طریقہ ہے۔

بالی ووڈ سٹارز پر کیمرے ہمیشہ ہی آن رہتے ہیں

رنبیر کپور سے مبینہ علیحدگی کے بعد قطرینہ کیف پر میڈیا کی نظریں مرکوز ہیں

،تصویر کا ذریعہKBC

،تصویر کا کیپشنرنبیر کپور سے مبینہ علیحدگی کے بعد قطرینہ کیف پر میڈیا کی نظریں مرکوز ہیں

کبھی کبھی لگتا ہے کہ ایک فلسٹار کی زندگی بھی کسی عذاب سے کم نہیں! فلم کے پردے سے باہر بھی لوگوں کی دلچسپی ان کی ذاتی زندگی میں رہتی ہے وہ کس سے ملتے ہیں، کس سے جھگڑتے ہیں کیا کھاتے ہیں، کیا کرتے ہیں ہر چیز ایک خبر بن جاتی ہے۔

اب قطرینہ کیف کو ہی لے لیجیئے، رنبیر کپور کے ساتھ ان کے مبینہ بریک اپ کے بعد قطرینہ کس سے ملتی ہیں، کہاں جاتی ہیں، کس کے ساتھ جاتی ہیں سب میڈیا کے کیمرے میں قید ہو جاتا ہے۔

حال ہی میں قطرینہ کیف سلمان خان کی اسسٹنٹ کے ساتھ نظر آئیں تو یہ خبریں اڑنے لگیں کہ سلمان کی اسسٹنٹ انھیں گھر دلوانے میں ان کی مدد کر رہی ہیں اور سلمان کے ساتھ ان کی ملاقات کو رومانوی روپ دے دیا گیا۔

مطلب یہ کہ چاہے وہ ’ریل لائف ہو یا ریئل لائف‘ بالی ووڈ سٹارز پر کیمرے ہمیشہ ہی آن رہتے ہیں۔ بحر حال تازہ خبر یہ ہے کہ رنبیر کپور اور قطرینہ کیف اپنی فلم ’جگا جاسوس‘ کی شوٹ پر واپس پہنچ گئے ہیں جو کافی دنوں سے رکی ہوئی تھی۔

عمران ہاشمی اور اظہر کی ذاتی البم

محمد اظہر الدین نے عمران ہاشمی کو اپنی البم دکھائی
،تصویر کا کیپشنمحمد اظہر الدین نے عمران ہاشمی کو اپنی البم دکھائی

سابق بھارتی کرکٹر اظہر الدین کی زندگی پر بننے والی فلم ’اظہر‘ کے ہیرو عمران ہاشمی کرکٹر اظر الدین کی پروفیشنل اور ذاتی زندگی دونوں ہی کو بہت قریب سے دیکھنے کی کوشش کر ر ہے ہیں اور اظر الدین کھلے دل سے اس میں عمران کی مدد بھی کر رہے ہیں۔

اس تمام عرصے میں اظہر نے عمران کی کرکٹ کی باقاعدہ ٹریننگ میں بھی مدد کی یہاں تک کے اپنا ایک ذاتی فوٹو البم بھی ان کے ساتھ شیئر کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ عمران ہاشمی اظہر اور ان کی شخصیت کو پوری طرح سمجھنے کے لیے ان کی پرانی تصاویر دیکھنا چاہتے تھے۔ ان کے والدین، دوست اور ٹیم کے لوگوں کے ساتھ ان کے کیسے تعلقات تھے اور فیلڈ میں، ڈریسنگ روم میں وہ کس طرح برتاؤ کرتے تھے۔

عمران کی اس خواہش پر اظہر نے اپنے دل او ر گھر کے دروازے عمران کے لیے کھول دیے اور انھیں وہ تصاویر دکھائیں اور ایسی یادیں بانٹیں جو آج تک دنیا کے نظروں سے دور تھیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ہاشمی صاحب اظہر کی ان یادوں کو زندہ کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔

غیر مطلوب بچی کیسی ہو سکتی ہے؟

کنگنا نے اپنے بارے میں بتایا کہ وہ ان چاہی بچی تھی

،تصویر کا ذریعہspice

،تصویر کا کیپشنکنگنا نے اپنے بارے میں بتایا کہ وہ ان چاہی بچی تھی

اگر کسی لڑکی کو پیدائش سے ہی یہ احساس دلایا جائے کہ اس کی پیدائش کے وقت خوشی نہیں بلکہ ماتم کا ماحول تھا تو آپ سوچ سکتے ہیں کہ اس کی شخصیت پر کیا اثر پڑے گا۔

نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ کنگنا رناوت نے انتہائی جرات مندی کے ساتھ اپنی زندگی کی اس تلخ حقیقت کو سب کے سامنے ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ اپنے گھر میں وہ ایک ’ان چاہی (غیرمطلوب) بچی تھیں۔‘

ان کے اس انکشاف کے بعد ان کے والد امر دیپ راناوت نے بھی کنگنا کے ماضی کی پرتوں کو کھولنا شروع کیا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ ہماچل پردیش میں رہتے تھے اور جب ان کی دوسری بیٹی کنگنا ان کے گھر پیدا ہوئیں تو ان کے گھر میں ماتم چھا گیا اور لوگ ان کے گھر افسوس کے لیے آتے تھے۔

انھوں نے بتایا: ’لیکن کنگنا نے ایک کامیاب اداکارہ بن کر نہ صرف ایک مثال قائم کی بلکہ عورتوں اور لڑکیوں کے حقوق کی مہم کا حصہ بنیں۔‘

کنگنا نے اپنی بڑی بہن رنگولی پر تیزاب کے حملے کے بعد ان کا پورا ساتھ دیا اور اب وہ اس پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔